سٹیج و فلم معاشرے کی اصلاح کیلئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں، بابر لاہوریا
لاہور(فلم رپورٹر)معروف کامیڈین بابر لاہوریانے کہا ہے کہ سٹیج،فلم اور ٹی وی معاشرے کی اصلاح کیلئے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں جس کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے،اس پلیٹ فارم کے ذریعے ملک میں صفائی، ٹریفک قوانین اور خصوصا اخلاقی پہلوؤں کو اجاگر کیا جانا چاہیے،لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیر کر جو خوشی حاصل ہوتی ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ممالک میڈیا کے ذریعے جو نتائج حاصل کر رہے ہیں۔
وہ نا قابل یقین ہیں لیکن ہماری اس طرف کوئی سوچ ہی نہیں۔ سٹیج، فلم اور ٹی وی بھی میڈیا کی ایک شکل ہے جس کا مثبت استعمال کیا جائے اور اس کے لئے منصوبہ بندی کر کے پروگرام ترتیب دئیے جانے چاہئیں۔بابر لاہوریا نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ فنکاروں کی سرپرستی کرے جس سے معاشرے میں خیر اور اصلاح کا پہلو نکلتا ہو۔انہوں نے کہا کہ عوام شوبز کے لوگوں کی بات کو غور سے سنتے ہیں اس لئے ہمیں بھی چاہیے کہ انفرادی طور پر بھی اس طرح کے مثبت اقدامات کو فروغ دیں۔