کراچی کے ریڈزون میں ممکنہ خدشات، سیکیورٹی ہائی الرٹ

          کراچی کے ریڈزون میں ممکنہ خدشات، سیکیورٹی ہائی الرٹ

  

کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے ریڈ زون میں ممکنہ حفاظتی خدشات کے پیش نظر سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جبکہ گاڑیوں اور آنے جانے والے افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ڈی آئی جی ساوتھ جاوید اکبر ریاض کے مطابق مختلف خفیہ رپورٹس میں کراچی کے ریڈ زون خاص طور پر مختلف ممالک کے قونصل خانوں کے حوالے سے سیکورٹی خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ جس پر مختلف قونصل خانوں اور سفارتی عملے کی رہائش گاہوں کے اطراف سیکورٹی میں اچانک اضافہ کیا گیا ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے اور روسی قونصل خانے کے اطراف حفاظتی انتظامات پہلے سے مزید سخت کیے گئے ہیں۔جاوید اکبر ریاض کے مطابق اس علاقے میں پولیس کی مزید 4 موبائلز اور ان پر چوکس عملے کو تعینات کرکے اضافی طور پر ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ بکتر بند گاڑیاں اور پولیس کی دیگر گشت کرنے والی گاڑیاں پہلے سے ہی اس علاقے میں تعینات ہیں۔ساوتھ زون پولیس چیف جاوید اکبر ریاض کے مطابق شہر کے ریڈ زون یا غیر ملکی اداروں کے دفاتر کے اطراف سیکورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے جبکہ پیدل آنے جانے والے افراد کی بھی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ یہ سلسلہ آنے والے چند دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملہ ناکام ہونے کے بعد دہشت گرد گروپوں کی جانب سے مختلف شرپسندی کی منصوبہ بندیاں سامنے آ رہی ہے۔ایسے سماج اور ملک دشمن عناصر کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے جبکہ مزید اطلاعات آنے پر سیکورٹی ادارے انتہائی الرٹ ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -