صوابی،شاہ منصور کے عوام کا سرکاری اراضی تحویل میں لینے کیخلاف مظاہرہ

صوابی،شاہ منصور کے عوام کا سرکاری اراضی تحویل میں لینے کیخلاف مظاہرہ

  

صوابی(بیورورپورٹ)شاہ منصور ضلع صوابی کے عوام نے شاہ منصور کے میرہ جات میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کے لئے ہزاروں کنال اراضی سرکاری تحویل میں دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر تے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کر دیا کہ شاہ منصور کے عوام ایک انچ زمین بھی حکومت کو کسی صورت نہیں دینگے۔ ڈی سی صوابی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر کے پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے شا ہ منصور ٹاؤن شپ کے قریب شاہ منصور کے زرعی اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کے لئے تقریباً تین ہزار کنال اراضی سرکاری تحویل میں لے کر اس کی حد براری بنانے کے لئے محکمہ مال کے آفسران اور اہلکاروں نے نشانات لگائے جس کے خلاف شا ہ منصور کے ہزاروں لوگ سراپہ احتجاج بن گئے اور مذکورہ اراضی کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا۔انکا کہنا تھا کہ شاہ منصور کے عوام نے اس سے قبل شاہ منصور ٹاؤن شپ اور باچاخان میڈیکل کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کمپلیکس کی تعمیر کے لئے ہزاروں کنال قیمتی اراضی اونے پونے ریٹ پر حکومت کو فراہم کی تھی اب حکومت شاہ منصور کے لوگوں کی زرعی قیمتی اراضی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے لیکن ہم کسی کو ایک انچ زمین دینے کو تیار نہیں اس سلسلے میں تمام سیاسی اور عمائدین علاقہ کو اعتماد میں لیا جائیگا انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ مال کے آفسران نے گاؤں کے لوگوں کو اعتماد میں لئے بغیر اراضی پر قبضہ کرنے کے لئے نشانات لگائے یہ نشانات کل صبح ہم خود مٹائیں گے بعد میں عمائدین کی قیادت میں مظاہرین ڈی سی آفس پہنچے جہاں پانچ رکنی کمیٹی نے ڈی سی شاہد محمود سے ملاقات کی۔احتجاجی کمیٹی کے رکن سجاد خان نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ حکومت شاہ منصور میرہ پر ایک اور ہاؤسنگ سکیم کا ارادہ رکھتی ہے اور اس کے لئے ہمارے میرہ میں واقع زرعی اراضی کا سروے بھی کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ اراضی ہمارے بچوں کے رزق کا واحد ذریعہ ہے اب حکومت ہمارے بچوں سے رزق کا یہ واحد زریعہ بھی ہڑپنا چاہتی ہے۔ ہم نے ضلعی انتظامیہ کے سر براہ کو اپنے عوام کے جذبات سے آگاہ کر دیا اس موقع پر ڈی سی نے مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اپنے مطالبات میں حق بجانب ہے اور حکومت یہ منصوبہ کہیں اور لے جا کر اہلیان شاہ منصور کو مزید پریشان نہیں کرئے گی ڈی سی صوابی کی یقین دہانی پر اراکین جر گہ نے انکا شکریہ ادا کر تے ہوئے فی الحال وقتی طور پر اپنا احتجاج موخر کر دیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -