فرشتوں کی حکومت میں 270ارب کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں: مرتضی وہاب
کراچی(آن لائن)سندھ حکومت کے ترجمان اورمشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ فرشتوں کی حکومت میں 270ارب روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں،دوسروں پر کرپشن کے الزام لگانے والے خان صاحب اس کرپشن کا جواب کب دینگے،انہیں چاہیے کہ وہ چینی اسکینڈل ادویات اسکینڈل میں اربوں روپے نقصان کا جواب دیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت اور مافیاز کا گٹھ جوڑ ہوگیا ہے کرپشن اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی عوامی ایشوز کو اجاگر کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری کرپشن کے باعث اب ایسا لگتا ہے کہ پی ٹی آئی اور کرپشن لازم وملزوم ہیں،پی ٹی آئی کرپشن کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ مشیر قانون نے کہا کہ عمران خان کے طرز عمل سے لگتا ہے کہ وہ ملک کے وزیراعظم نہیں بلکہ اپوزیشن لیڈر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے چیلنج سے راہ فرار اختیار کئے ہوئے ہے۔
مرتضی وہاب