توانائی کا ویلنگ ماڈل صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے اہم قدم ہے،حمایت اللہ خان

توانائی کا ویلنگ ماڈل صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے اہم قدم ہے،حمایت اللہ خان

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)مشیرتوانائی حمایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے کے قدرتی وسائل سے تعمیرکئے گئے توانائی منصوبے ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جونہ صرف سستی پن بجلی کی پیداوار کابڑاذریعہ ہیں بلکہ معاشی ترقی کااہم جزہیں۔خیبرپختونخوامیں حال ہی میں شروع کیا گیاتوانائی کا ویلنگ ماڈل کامیابی کے ساتھ رواں دواں ہے جوصنعتی ترقی کے لئے بھی ایک اہم قدم ثابت ہورہا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے محکمہ توانائی وبرقیات میں پیہورپن بجلی گھرصوابی کی 18میگاواٹ بجلی کو پہلی مرتبہ ویلنگ ماڈل کے ذریعے صنعتی یونٹس کو ارزاں نرخوں پر فروخت کے سلسلے میں ماڈل کے کامیاب آغاز پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سیکرٹری توانائی وبرقیات محمد زبیر خان، ایڈشینل سیکرٹری ظفر اسلام خٹک اورچیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان بھی موجودتھے۔ اس موقع پر مشیرتوانائی نے پیہورپن بجلی گھر کو ویلنگ ماڈل پرمنتقل کرنے کے سلسلے میں دن رات سخت محنت کرنے والے پیڈوکے چیف انجینئرمقصود انورکو خراج تحسین پیش کیااوربتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اور خصوصاً ملک بھر میں توانائی کے ویلنگ ماڈل کو متعارف کرنے میں سیکرٹری توانائی سمیت انکی تمام ٹیم مبارکبادکی مستحق ہے۔ جلد ہی ویلنگ ماڈل کو توانائی کے دیگر منصوبوں میں بھی توسیع دی جائے گی۔تقریب میں مشیر توانائی حمایت اللہ خان نے چیف انجینئرمقصود انورکو تعریفی سرٹیفیکیٹ بھی دیا اورامیدظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اپنی بھر پورمحنت سے حکومتی مشن کو کامیابی سے ہمکنارکریں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -