اورکزئی میں گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد، 20 ہزار جرمانہ عائد

اورکزئی میں گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد، 20 ہزار جرمانہ عائد
اورکزئی میں گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد، 20 ہزار جرمانہ عائد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اورکزئی(آئی این پی ) خیبر پختون خوا کے ضلع اورکزئی میں ایک گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد ہو گئے ہیں، اس سلسلے میں محکمہ جنگلی حیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملوث افراد پر 20 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈویڑنل آفیسر محکمہ جنگلی حیات کوہاٹ نے کہا ہے کہ ضلع اورکزئی کے علاقے کلایہ میں ایک گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد ہوئے ہیں، خبر ملنے پر اورکزئی انتظامیہ اور محکمہ جنگلی حیات نے مشترکہ کارروائی کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کلایہ میں ایک شخص نے بیچنے کی غرض سے گھر میں چیتے کے دو بچے رکھے تھے، جن کی عمریں تقریباً 2 ماہ ہیں، کارروائی کے دوران چیتے کے دونوں بچے برآمد کیے گئے، جب کہ محکمے نے اس میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق کلایہ کے دور افتادہ گاوں لی ساڑئی میں چیتے کے بچے بیچنے کی غرض سے ایک شخص نے گھر میں رکھے ہوئے تھے، ولی اللہ نامی شخص نے چیتے کے بچوں کو فروخت کرنے میں معاونت کی، جس کی کی نشان دہی پر گھر کو ٹریس کر کے چیتے کے بچے برآمد کیے گئے۔ دونوں افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر کے جرمانہ بھی کیا گیا ہے، ڈویڑنل آفیسر کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ چیتے کے دونوں بچوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے وائلڈ لائف پارک منتقل کیا جائے گا۔