قومی کراٹے ٹیم نے انعامی رقم کا کچھ حصہ رضاکارانہ طور پر اپنے کوچ کو دیدیا

قومی کراٹے ٹیم نے انعامی رقم کا کچھ حصہ رضاکارانہ طور پر اپنے کوچ کو دیدیا
قومی کراٹے ٹیم نے انعامی رقم کا کچھ حصہ رضاکارانہ طور پر اپنے کوچ کو دیدیا

  

لاہور(آئی این پی)ساﺅتھ ایشین گیمز کی میڈلسٹ پاکستان کراٹے ٹیم نے سپورٹس بورڈ کی جانب سے نظر انداز کئے جانے پر انعامی رقم کا کچھ حصہ رضاکارانہ طور پر اپنے کوچ کو دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے گزشتہ برس کھٹمنڈو میں ہونے والے ساتھ ایشین گیمز کے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو نقد انعام دئیے تھے لیکن کوچز کو انعام نہیں دیا گیا تھا اور اس حوالے سے کئی حلقوں کی جانب سے سوالات بھی اٹھائے گئے لیکن پاکستان سپورٹس بورڈ کا کہنا تھا کہ سپورٹس پالیسی کے مطابق صرف کھلاڑیوں کو نقد انعام دیا گیا ہے۔پاکستان کراٹے ٹیم نے ساتھ ایشین گیمز میں 6 گولڈ، 8 سلور اور 5 برانز میڈلز جیتے تھے اور مجموعی طور پر 19 میڈلز جیتنے والی پاکستان کراٹے ٹیم نے قابل ستائش فیصلہ کرتے ہوئے اپنے کوچ شاہ محمد شان کو اپنی انعامی رقم کا کچھ حصہ دینے کا فیصلہ کیا جسے ہر جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

میڈلسٹ ایتھیلٹس نے انعامی رقم میں 6 فیصد حصہ کوچ کیلئے اکٹھا کیا اور مجموعی رقم ساڑھے 7 لاکھ روپے بنی جب کہ پاکستان کراٹے فیڈریشن کی جانب سے ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا ہے۔ پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئرمین محمد جہانگیر نے کھلاڑیوں کے اس عمل کو خوب سراہا ہے۔

مزید :

کھیل -