خادم الحرمین شاہ سلمان کی امتِ مسلمہ اور انسانیت کیلئے خدمات قابل قدر،ملک بھرمیں علماء و مشائخ نےسعودی فرمانروا کی صحت یابی کے خصوصی دعائیں مانگنا شروع کردیں

خادم الحرمین شاہ سلمان کی امتِ مسلمہ اور انسانیت کیلئے خدمات قابل قدر،ملک ...
خادم الحرمین شاہ سلمان کی امتِ مسلمہ اور انسانیت کیلئے خدمات قابل قدر،ملک بھرمیں علماء و مشائخ نےسعودی فرمانروا کی صحت یابی کے خصوصی دعائیں مانگنا شروع کردیں

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی امت مسلمہ اور انسانیت کیلئے خدمات قابل قدر ہیں ، کورونا کی وباء کے باوجود حج ملتوی نہ کرنا سعودی عرب کی حکومت کا قابل ستائش قدم ہے ، پاکستان سعودی عرب تعلقات لازوال ہیں ، پوری قوم خادم الحرمین الشریفین کی صحت اور سلامتی کیلئے دعا گو ہے ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل اور تعظیم حرمین شریفین کونسل کی اپیل پر پاکستان بھر میں علماء و مشائخ نے خادم الحرمین الشریفین کی صحت و سلامتی کیلئے دعا کے موقع پر کہی۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا اسید الرحمٰن سعید، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا زبیر عابد، مولانا عبدالحکیم اطہر نے لاہور، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا ابو بکر صابری نےاسلام آباد، مولانا نعمان حاشر ،مولانا الیاس مسلم نے راولپنڈی ، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا حق نواز خالد، علامہ طاہر الحسن،قاری عصمت اللہ معاویہ ، مولانا امین الحق اشرفی ، مولانا حبیب الرحمٰن عابد نے فیصل آباد، مولانا عبد الکریم ندیم نےخان پور ،علامہ عبد الحق مجاہد،مولانا انوار الحق مجاہد ، شبیر یوسف گجر، مولانا عبد المالک آصف نےملتان، مولانا محمد احمد مکی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مفتی محمد عمران معاویہ نےمظفر گڑھ،مولانا اسعد زکریا نےکراچی، قاضی مطیع اللہ سعیدی نےگجرات ،مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا حنیف عثمانی نےساہیوال،مولانا عثمان بیگ فاروقی نےشاہکوٹ، پیر اسعدحبیب شاہ جمالی ، مولانامحمد جابرنےڈیرہ غازی خان، مولاناا حسان احمد حسینی نےڈسکہ ، مولانا عبدالرئوف نےبہاولنگر ، مولانا شکیل قاسمی نے اوکاڑہ ، مولانا فہیم الحسن فاروقی نےشیخوپورہ ،مولانا محمد یاسر علوی نےسمندری، مولانا عقیل احمد نقشبندی، مولانا عبد اللہ رشیدی نےقصور ، مولانا منیب الرحمان حیدری نےنارووال، مولانا محمد ایوب صفدر، مولانا محمد زبیر کھٹانہ نےگوجرانوالہ، مولانا ابو بکر حمزہ نےچکوال، مولانا سعد اللہ لدھیانوی نےٹوبہ ٹیک سنگھ ، مولانا قاری وقاص سلیمی نےگوجرہ، مفتی محمد عمر فاروق نےخانیوال ، مولانا تنویر احمد نےبہاولپور ،مولانا کلیم اللہ معاویہ نےننکانہ ، مولانا عزیز الرحمن عثمانی نےتلہ گنگ، مولانا عزیز اکبر قاسمی نےراجن پورمیں جمعۃ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کیا۔

پاکستان علماء کونسل اور تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سربراہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اسلام کا بنیادی رکن ہے ، کرونا کی وباء کی وجہ سے حج پر نہ جانے والے حجاج اللہ کریم کے ہاں اجر کے مستحق ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی قیادت میں حج ملتوی نہ کر کے امت مسلمہ کے دل جیت لیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شرعی طور پر حج ملتوی کرنے یا نہ کرنے کا اختیار سعودی عرب کی قیادت کو حاصل ہے لیکن سعودی عرب کی قیادت نے حج کو محدود کر کے لبیک اللھم لبیک کی صدائوں کو بلند کرنے کا عزم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز امت مسلمہ کے قائد ہیں ان کی اسلام اور مسلمانوں اور انسانیت کیلئے خدمات بے مثال ہیں۔ آج امت مسلمہ شاہ سلمان بن عبد العزیز کی کامل صحت کیلئے دعا گو ہے، ہماری دعا ہے کہ اللہ کریم شاہ سلمان بن عبد العزیز کو مکمل صحت عطا فرمائیں تا کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز کا کامیاب آپریشن قابل اطمینان ہے اور ہم سب ان کی صحت کیلئے دعا گو ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -