گور نر پنجاب  سےچوہدری مونس الٰہی کی ملاقات،کیا گفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے کن امور پر اتفاق کیا؟اپوزیشن کے لئے پریشان کن خبر آگئی

گور نر پنجاب  سےچوہدری مونس الٰہی کی ملاقات،کیا گفتگو ہوئی اور دونوں ...
گور نر پنجاب  سےچوہدری مونس الٰہی کی ملاقات،کیا گفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے کن امور پر اتفاق کیا؟اپوزیشن کے لئے پریشان کن خبر آگئی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے مسلم لیگ(ق)کے رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الٰہی کی ملاقات ،وفاق اور پنجاب سمیت اہم سیاسی امور پرگفتگو ،دونوں رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق بھی کیا اور کہا کہ اپوزیشن کی دونوں جماعتوں کے درمیان دراڑیں ڈالنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الٰہی نے وفد کے ہمراہ گور نر ہاؤس لاہور میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ملاقات کی جس میں سیاسی سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی اور دونوں جماعتوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومتی اتحاد میں دراڑیں دیکھنے کی خوا ہش کبھی پوری نہیں ہوگی حکومت اور اتحادی ایک دوسرے کیساتھ متحد ہو کر چل رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں (ق) لیگ حکومت کو ہر معاملے پر مکمل سپورٹ کر رہی ہے اور پنجاب میں وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کے بھی ساتھ کھڑی ہے۔گور نر نے کہا کہ پاکستان کو معاشی سمیت جتنے بھی چیلنجز ہیں ہم اتحادیوں کیساتھ ملکر ان سے نمٹ رہے ہیں اور انشاء اللہ پاکستان کامیابی کے ساتھ آگے بڑ ھے گا،آج حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کا امیج مزید بہتر ہو رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قومی اداروں کی مضبوطی،ملکی ترقی اور خوشحالی حکومت کی اولین تر جیح ہے جسکے لیے تمام وسائل بیروکار لا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ غر بت،مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کے حل کے لیے حکومت وفاقی اور صوبائی سطح پر اقدامات کر رہی ہے۔

چوہدری محمدسرور نے عوام سے عید کے موقعہ پر کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عمل کر نے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کوروناسے جلد از جلد مکمل نجات ملک وقوم کے مفاد میں ہے اس لیے کسی کو بھی ایس او پیز پر عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کر نی چاہیے۔(ق) لیگ کے ایم این اے چوہدری مونس الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) عوامی ریلیف پریقین رکھتی ہے اور کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کیلئے سب کو ملکر کام کر نا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بطورحکومتی اتحادی ہم وفاق اور پنجاب میں حکومت کیساتھ ہیں ہم چاہتے ہیں کہ اتحادی حکومت احسن انداز سے عوامی مسائل کو حل کریں تاکہ عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے مکمل نجات مل سکے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -