گھوڑی پر سوار یہ دولہا دراصل کہاں جا رہاہے؟ویڈیو وائرل، جان کر آپ کیلئے ہنسی روکنا مشکل
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک دولہا گھوڑی پر بیٹھ کر اپنی دلہن کو بیاہنے نکلا لیکن گھوڑی بدک گئی اور سرپٹ دوڑ لگا دی۔ انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست راجستھان کے شہر اجمیر کے نواحی گاﺅں رام پورا میں پیش آیا جہاں گھوڑی دولہا سمیت بھاگ نکلی اور دولہا کو چار کلومیٹر دور لے گئی۔ باراتی گھوڑی کو روکنے کے لیے اپنی کاروں اور موٹرسائیکلوں پر پیچھے پیچھے تھے جبکہ گھوڑی دولہا کو لے کر آگے دوڑ رہی تھی۔
باراتیوں اور گھوڑی کے درمیان یہ ریس چار کلومیٹر تک لگی اور بالآخر شہریوں کی مدد سے باراتی گھوڑی کو پکڑنے اور اپنا دولہا بازیاب کرانے میں کامیاب ہوپائے۔ رپورٹ کے مطابق گھوڑی باراتیوں کی طرف سے پھوڑے جانے والے پٹاخوں کی آواز سے بدکی تھی۔ دولہا نے گھوڑی سے بمشکل گھوڑی پر خود کو قابو رکھ سکا۔ گھوڑی کے بدک کر بھاگنے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور لوگوں کے لیے ہنسی کا سامان بن رہی ہے۔