معروف کھلاڑی کو بچوں سے جنسی جرائم کے الزام میں گرفتار کرلیاگیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک پریمیئر لیگ فٹ بالر کو بچوں سے متعلق جنسی جرائم کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس فٹ بالر کی شناخت سامنے نہیں لائی جا رہی، تاہم پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس فٹ بالرکا تعلق اورٹن کلب سے ہے۔ اس کے گھر پر چار روز قبل چھاپہ مارا گیا اور اسے حراست میں لیا گیا۔ گرفتاری کے بعد اس کے کلب کی طرف سے بھی اسے معطل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اورٹن فٹ بال کلب کے ترجمان نے برطانوی اخبار دی مرر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ”ہم تصدیق کرتے ہیں کہ ہم نے ٹیم کے پہلے کھلاڑی کو معطل کر دیا ہے کیونکہ اس کے خلاف پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔ کلب اس کھلاڑی کے خلاف تحقیقات میں حکام سے مکمل تعاون کرے گا۔ تاہم اس حوالے سے آئندہ کوئی بیان جاری نہیں کیا جائے گا۔“
مانچسٹر پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس کھلاڑی کی عمر 31سال ہے جسے 16جولائی کو بچوں سے متعلق جنسی جرائم کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ اب وہ ضمانت پر رہا ہو چکا ہے تاہم اس سے تفتیش جاری ہے۔فٹ بالر پر یہ انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات عائد ہونے کے بعد اس کی بیوی اس کا گھر چھوڑ کر اپنے آبائی شہر واپس چلی گئی ہے اور فٹ بالر سے طلاق لینے کا اعلان کر دیاہے۔