بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کردیے ، تعداد چار ہو گئی

بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کردیے ، تعداد چار ہو گئی
بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کردیے ، تعداد چار ہو گئی

  

سرینگر(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بانڈی پورہ میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید کر دیےہیں جس سے گزشتہ روز سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر چار ہو گئی۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قابض بھارتی فوجیوں نے ان دونوں نوجوانوں کو ضلع کے علاقے سملر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کے تین اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز اسی طرح کی کارروائی میں ضلع بارہ مولہ کے قصبے سوپور میں دونوجوان شہید کئے تھے۔

دوسری طرف ضلع پونچھ کے علاقے منکوٹ میں ہفتہ کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور زخمی ہو گیا۔ دریں اثنا کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے ہفتہ کوجاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ فوجیوں نے رواں ماہ جولائی میں اب تک 28کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ قابض وحشی فوجیوں نے گزشتہ ماہ جون میں 16کشمیری شہید کیے تھے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ بھارتی فوجیوں نے جنوری 1989ءسے رواں برس30جون تک 95ہزار 8سو 6کشمیری شہید کیے ہیں۔

مزید :

قومی -