اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس نے حکومت کو ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے اہم تجویز دے دی

اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس نے حکومت کو ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے ...
اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس نے حکومت کو ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے اہم تجویز دے دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو ٹیکس سسٹم بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کی تعداد کو بڑھایا جا سکے بجائے اس کے کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالا جائے،تاجر برادری ٹیکس کی ادائیگی کے ذریعے ملکی معیشت کی بہتری میں اپنا کلیدی کردار ادا کرر ہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس سال ایف بی آر نے تاریخی 4732ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کیا۔

صدر آئی سی سی آئی سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ حکومت کو ٹیکس سسٹم مکمل طور پر آٹومیٹ کرنے پر زور دینا چاہئے تاکہ ٹیکس دہندہ اور ٹیکس مشینری کے درمیان براہ راست رابطے کو کم کیا جا سکے، تا جر برادری کافی بڑی تعداد میں ٹیکس ادا کرتی ہے لیکن ان کو اس کے مطابق مراعات نہیں دی جا رہی۔

سردار یاسر الیاس خان نے کہاکہ آئی سی سی آئی وقتا فوقتا حکومت کو فکس ٹیکس پالیسی متعارف کرانے پر زور دیتی رہی جس کے ذریعے ٹرسٹ ڈیفیسٹ کو کم کرنے میں مدد ملی،پی او ایس سسٹم ایک اچھے نتائج کے لئے متعارف کرایا گیاتھا لیکن یہ تاجروں کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آرکو چیمبرز کے ساتھ مل کر ٹیکس فائلنگ ،ویبکوسسٹم اور دوسرے اہم امور پر آگاہی پروگرام کا انعقاد کرنا چاہئے جس کے زریعے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اظافہ کیا جا سکتا ہے۔

صدر آئی سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو ایئر پورٹس ،نادرا ،سی ڈی اے، آر ڈی اے اور دوسرے اہم اداروں میں تاجر برادری کے لئے سہولیتی ڈیسک قائم کرنے چاہیئں تاکہ تاجروں کو ترجیحی بنیادوں پربہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں ،جس سے نہ صرف تاجر برادری عزت محسو س کرے گی بلکہ ان میں ٹیکس ادائیگی کامزید رجحان پیدا ہوگا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت کومختلف ٹیکس سلیبز کے مطابق گولڈ، سلور اور پلیٹینم کارڈ متعارف کرانے چاہیئں تاکہ ٹیکس دہندگان کووفاقی وزراءکےبرابرعزت اورسہولیات فراہم کی جا سکیں،حکومت کو طویل المدتی اور پائیدارٹیکس پالیسیز کو مرتب کرنے کے لئے تاجر برادری،چیمبرز اور ایسو سی ایشنز کومشاورتی عمل میں ہمیشہ شامل کرنا چایئے اور اس بات پر یقین دلایاکہ تاجربرادری حکومت کو نئے سال کا ٹیکس ہدف پورا کرنے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

مزید :

بزنس -