ڈیلیوری بوائے کو گھر کی بیل بجانا مہنگا پڑ گیا ، ایم کیو ایم کے سینئر رہنما کےگارڈ کی فائرنگ سے نوجوا ن زخمی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈیلیوری بوائے کو کھانے کی ڈیلیوری کیلئے گھر کی بیل بجانا مہنگا پڑ گیا، ایم کیو ایم کےسینئررہنما خواجہ اظہار الحسن کےگارڈنےڈیلیوری بوائےپرفائرنگ کردی،ڈیلیوری بوائے کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خواجہ اظہار کے گارڈ کی مبینہ فائرنگ سے فوڈ ڈیلیوری بوائے زخمی ہوگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس بدر کمرشل میں ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کے گارڈ کی فائرنگ سے فوڈ پانڈا کا ڈیلیوری بوائے زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ڈیلیوری بوائے خواجہ اظہار الحسن کے گھر میں کھانا دینے آیا تھا، 2 سے 3 بار گھر کی بیل بجائی تو سیکیورٹی عملے سے تلخ کلامی ہوئی، اسی دوران فائرنگ کے واقعے میں رائیڈر زخمی ہوا۔پولیس کی جانب سے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور خواجہ اظہار کی فیملی کی جانب سے کھانے کے آرڈر سے متعلق بھی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔پولیس کے مطابق ڈیلیوری بوائے کی ٹانگ پر گولی لگی ہے اور اسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہیں۔
دوسری جانب خواجہ اظہار الحسن نے نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیلیوری بوائے میرے گھر ڈیلیوری دے کر روانہ ہوچکا تھا، میرے گھر پر ڈیلیوری بوائے سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ میرے گھر کھانے کی ڈیلیوری ہوچکی تھی، میرے کسی مسلح سیکیورٹی گارڈ سے فوڈ ڈیلیوری بوائے کا جھگڑا نہیں ہوا۔