اندرون ملک ہوائی سفر کیلئے کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)این سی او سی کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) نے اندرون ملک فضائی سفر کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کے دیا جس کے مطابق اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد ویکسی نیشن کے بغیر اندرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔
سی اے اے کے مطابق پابندی کا اطلاق یکم اگست سے اندرون ملک پروازوں پر ہوگا، بیرون ملک سفر کرنے والے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، ایسے مریض پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جنہیں ویکسی نیشن کے ری ایکشن کی وجہ سے ڈاکٹرز سے منع کیا ہو۔
سی اے اے کے مطابق غیرملکی شہری بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، ایسے پاکستانی جن کے پاس بیرون ملک ویکسی نیشن کی دستاویزات موجود ہوں،انہیں بھی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا،فیصلے کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا ۔