ملزم ظاہر جعفر نے قتل منصوبہ بندی سے کیا،نور مقدم قتل کیس میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق سفیر کی بیٹی نورمقدم کے قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر سے متعلق نئے انکشافات سامنے آگئے۔ ملزم نے ساری واردات منصوبہ بندی کے تحت کی اور واردات سے چند روز قبل ملزم نے دوستوں سے مشاورت بھی کی۔
جیو نیوز کے مطابق ملزم نے دوستوں سے پوچھا کہ کسی کو قتل کردوں تو کیا پکڑا جاوں گا؟ ملزم نے دوستوں سے کہا کہ امریکی شہری ہوں مجھ پر کیس نہیں بنے گا۔قریبی ذرائع کے مطابق ملزم نے دوستوں سے کہاکہ اپنے والدین کو قتل کردوں تو کیا مجھے پکڑا جائے گا؟ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے نور مقدم کو اپنے گھر بلایا اور اس کا فون بھی آف کرادیا، والدین نے نور مقدم کا فون آف ملنے پر اس کے دوستوں سے رابطہ کیا تو دوست ملزم کے گھرگئے لیکن ملزم نے نور کی موجودگی سے انکار کیا جس پر دوستوں اور ملزم ظاہر جعفر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔قریبی ذرائع کے مطابق نورمقدم کو ملزم تشدد کا نشانہ بناتا رہا تو نور نے فرار کی کوشش بھی کی۔ملزم نے منصوبہ بندی کی تھی کہ واردات کے بعد امریکہ فرار ہوجاوں گا اور ظاہرجعفر 2016 میں برطانیہ سے لڑکی پر حملے کے الزام میں ڈی پورٹ ہوا تھا۔