آزاد کشمیرانتخابات،پولنگ سے پہلے ہی پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے خلاف شکائتوں کے انبار لگا دیئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) آزاد کشمیرانتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہونے سے پہلے ہی پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے خلاف شکایات کے انبارلگا دیے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی وزرا کی الیکشن مہم سمیت ن لیگ کی طرف سے آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے سرکاری وسائل کے استعمال کے خلاف الیکشن کمیشن کوخط لکھ دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے خلاف آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے وزیر علی امین گنڈاپور کو فوری طور آزاد کشمیر سے بے دخل کیا جائے،آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے احکامات کے باوجود پی ٹی آئی وزیر علی امین گنڈاپور آزاد کشمیر میں مہم چلا رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی طرف سے مسلم لیگ ن کے خلاف بھی تحریری شکایت درج کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کی آزاد کشمیر میں حکومت ہے مقامی وزرا ن لیگ کے جلسوں میں سرکاری فنڈز کا استعمال کر رہے ہیں،ن لیگی امیدوار آزاد کشمیر حکومت کے وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں،اسے روکا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کی مداخلت کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ہمیشہ ہی دھاندلی کا مقابلہ کیا ہے اور اس بار بھی مقابلہ کریں گے،آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ وہاں کل ہونے والے عام انتخابات کو تاریخ کے متنازع ترین الیکشن بننے سے بچائے۔