’یونیورسٹی جاتے لفٹ دی اور پھر زیادتی کا نشانہ بنایاگیا، شادی کا وعدہ کیا لیکن اب دبئی چلاگیا‘ مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے اور پھر بلیک میل ہونیوالی لڑکی نےخودکشی کی دھمکی دیدی
مظفر گڑھ(مانیٹرنگ ڈیسک) مظفر گڑھ میں جنسی زیادتی کی شکار طالبہ نے ملزم کے گرفتار نہ ہونے کی صورت میں خودکشی کی دھمکی دے دی۔
ڈیلی" ڈان "کے مطابق متاثرہ لڑکی یونیورسٹی کی طالبہ ہے، جسے 4ملزمان نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس قبیح فعل کے دوران اس کی ویڈیوز اور تصاویر بنا کر انٹرنیٹ پر پوسٹ کر دیں۔
ایم فل کی طالبہ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ لگ بھگ1 سال قبل وہ گھر سے ملتان میں اپنی یونیورسٹی جا رہی تھی۔ اس کے ایک رشتہ دار نے اسے اپنی کار میں لفٹ کی پیشکش کی کیونکہ وہ بھی ملتان جا رہا تھا۔رشتہ دار ہونے کی وجہ سے لڑکی اس شخص کی کار میں بیٹھ گئی۔ مگر وہ اسے ملتان لیجانے کی بجائے بیربند بلھا بلوچاں کے علاقے میں ایک گھر میں لے گیاجہاں مشروب میں اسے نشہ آور دوا ملا کر دے دی۔
لڑکی بتاتی ہے کہ ہوش میں آنے پر اسے احساس ہوا کہ اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ بعد ازاں ملزم نے لڑکی کو بتایا کہ اس نے اس کی ویڈیو اور تصاویر بھی بنا لی تھیں۔ ان کے ذریعے ملزم نے لڑکی کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے بعد ملزم نے بلیک میل کرکے اسے کئی بار اپنے پاس بلایا اور جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے ہوئے مزید ویڈیوز بھی بنائیں۔
لڑکی کے مطابق ملزم نے اس سے شادی کا وعدہ کیا لیکن 3 ماہ قبل وہ دبئی چلا گیا۔ دبئی جانے کے بعد اس نے لڑکی کی ویڈیوز3 دیگر مردوں کو بھیج دیں، جن میں ایک پولیس آفیسر کا بھائی بھی شامل تھا۔ اب ان لوگوں نے لڑکی کو بلیک میل کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔
گزشتہ دنوں ملزمان کی بلیک میلنگ سے تنگ آ کر لڑکی شہر سلطان پولیس کے پاس چلی گئی اور مقدمہ درج کرا دیا۔ تاہم تاحال پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔ لڑکی کی طرف سے دھمکی دی گئی ہے کہ اگر ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو وہ خودکشی کر لے گی۔