دوسری ”کیم اینڈ ڈائی ٹیک ایکسپو “کراچی میں اختتام پذیر

دوسری ”کیم اینڈ ڈائی ٹیک ایکسپو “کراچی میں اختتام پذیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

             
کراچی(اے پی اے)پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن(پی سی ڈی ایم اے) کے زیراہتمام دوسری ”کیم اینڈ ڈائی ٹیک ایکسپو 2013“ نمائش ایکسپو سینٹر کراچی میں3 روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گئی۔پی سی ڈی ایم اے کی جانب سے اعلامیے کے مطابق نمائش میں بھارت، چین اور تائیوان سمیت دیگر ممالک کی کمپنیوں نے حصہ لیا اور 20 سے زائد غیر ملکی کمپنیوں نے کیمیکل، ڈائز، پیٹرول کیمیکل، ربر، پلاسٹک، صنعتی خام مال کے اسٹالز لگائے جبکہ مجموعی طور پر ملک بھر سے 70 سے زائد کمپنیاں شریک ہوئیں، نمائش میں ملکی اور غیر ملکی تاجروں کے ایک دوسرے کے ساتھ کاروباری روابط کو مستحکم کرنے کے لیے ون ٹوون بزنس میٹنگز کا بھی اہتمام کیا گیا۔پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سلیم ولی محمد نے”کیم اینڈ ڈائی ٹیک ایکسپو 2013“ نمائش کو کامیاب ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ کیمیکلز اور ڈائز سمیت متعلقہ صنعتوں کے لیے اہم فورم ثابت ہوا جہاں ایک چھت تلے مقامی صنعتوں کو مناسب داموں خام مال کی دستیابی اورغیر ملکی تاجروں کے ساتھ دوبدو ملاقات کے ساتھ ساتھ بیرون ملک جانے کے بجائے نمائش میں شرکت کر کے کاروباری سودے طے کرنے کی سہولت بھی میسرآئی۔

انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی مندوبین نے پاکستان میں امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کثیر تعداد میں تجارتی وفود کی نمائش میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں نمائش میں شرکت کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔غیر ملکی مندوبین نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ بھی پاکستان میں منعقد ہونے والی نمائشوں میں شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔ سلیم ولی محمد نے کہاکہ لاہور، فیصل آباد سمیت ملک بھر سے بڑی تعداد میں تجارتی وفود نے اسٹالز کا دورہ کیا اور غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندوں سے کاروباری معاملات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ ایک اندازے کے مطابق 3 روز کے دوران تقریباً ساڑھے4 ہزار افراد نے نمائش کا دورہ کیا۔نمائش میں غیر ملکی تاجروں سے معاہدے طے کیے جانے کے علاوہ ملٹی ملین ڈالر کے کاروباری سودے بھی طے کیے گئے ہیں اور سب سے بڑا سودا محمود برادرز نے طے کیا۔ نمائش کے چیف ایڈوائزر ناصر الدین فتح ککڈا نے کہا کہ بھارت، چین، تائیوان سمیت دیگر ممالک کے مندوبین نے پاکستانی تاجروں کے ساتھ کاروباری روابط بڑھانے میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا، آئندہ سال تیسری”کیم اینڈ ڈائی ٹیک ایکسپو 2014“ لاہور میں منعقد کرنے پر غور کیا جا رہاہے تاہم اس کا فیصلہ ایگزیکٹو کمیٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

مزید :

کامرس -