صدام حسین کو پھانسی لگانے والے ایک جلاد کو قتل کردیاگیا
بغداد(اے پی پی) عراق کے سابق مصلوب صدر صدام حسین کو تختہ دار پر پھانسی لگانے والے ایک جلاد کو قتل کر دیا گیا ہے۔یہ بات عراق کی کالعدم بعث سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتائی گئی ہے تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ واقعہ کس وقت پیش آیا۔ بیان میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صدام حسین کی سزائے موت پرعمل درآمد کرانے والا ایک سیکیورٹی افسر محمد نصیف المالکی کو مزاحمت کاروں نے یوسفیہ میں بین الاقوامی شاہراہ پر گولیوں کا نشانہ بنایا، جس سے وہ موقع ہی پر دم توڑ گیا۔ سرکاری سطح پر البعث پارٹی کے اس دعوے کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مقتول محمد نصیف المالکی ایک بھاری جسامت اور قدو قامت کا مالک تھا، جو صدام حسین کے گلے میں پھانسی کا پھندہ ڈالنے کے وقت تیار کی گئی ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہا تھا۔
مقتول نے صدام حسین کے چہرے پر "ڈیتھ ماسک" پہنانے کی کوشش کی لیکن سابق صدر نے اسے پہننے سے انکار کردیا تھا۔ اس کے بعد نصیف المالکی صدام حسین کو پھانسی کے پھندے کے قریب لے گیا۔ جہاں انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔