روس کا سٹارٹ معاہدے میں دیگرایٹمی طاقتوں کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ
ماسکو (اے پی پی) روس نے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی سے متعلق نئے ”سٹارٹ“ معاہدے میں ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دیگر ملکوں کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ رشیا ون ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاورف نے کہا کہ ہمیں روس، امریکہ سے بڑھ کر ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دیگر ملکوں کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف ان ملکوں کے بارے میں بات نہیں کر رہا جو سرکاری سطح پر تسلیم شدہ ایٹمی طاقتیں ہیں بلکہ وہ تمام ممالک جو ایٹمی ہتھیار رکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ روس آئندہ ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کا فیصلہ کرتے وقت یورپ میں امریکی میزائل دفاعی شیلڈ کے منصوبے کو مد نظر رکھے گا۔ روس اور امریکہ کے علاوہ اس تسلیم شدہ ایٹمی طاقتوں کی فہرست میں برطانیہ، فرانس، بھارت، پاکستان اور شمالی کوریا شامل ہیں۔ اسرائیل پر چوری چھپے ایٹمی ہتھیار رکھنے کا الزام ہے۔