عوام نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کےلئے مینڈیٹ دیا جنگی بنیادوں پر کام کررہے ہیں

عوام نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کےلئے مینڈیٹ دیا جنگی بنیادوں پر کام کررہے ہیں

                                        لاہور( جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران سے صنعت، زراعت، تجارت اور برآمدات کو شدید نقصان پہنچاہے۔ ملکی معیشت کی بحالی کے لئے توانائی کے بحران پر جلد سے جلد قابو پاناہوگا اوراس ضمن میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت جنگی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کریں گے کیونکہ نجی شعبہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں بڑا اہم کردارادا کرتا ہے ،اس لئے نجی شعبہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے آگے آئے۔ کوئلے ، بائیو ماس اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبے لگائے، حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وفاق، صوبوں اور نجی شعبہ کو توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرناہے۔ سپرسونک سپیڈ اور شفاف طریقے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو مکمل کرناہو گا۔ صنعتکار چھوٹے منصوبوں کے ساتھ ساتھ ہزار میگا واٹ کے منصوبے لگانے کا بھی جائزہ لیں۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کااظہار نشاط گروپ کے چیئرمین میاں محمد منشاءکی قیادت میں صنعتکاروں، بینکرز اور سرماےہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،وفد نے وزیر اعلیٰ سے ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کی۔ صوبائی وزیربلدیات وقانون رانا ثنا ءاللہ خان، صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز خزانہ، قانون، توانائی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ توانائی کے بحران نے زندگی کے ہر شعبہ کو بری طرح متاثر کیا ہے اورمیں سمجھتا ہوں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو عوام نے اسی لئے تاریخی مینڈیٹ دیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ ہوسکے اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں،یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت پہلے ہی روز سے لوڈشیڈنگ میں کمی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران میں کمی کے لئے کی جانے والی مخلصانہ کاوشوں میں صنعتکاروں، بینکرز اور سرمایہ کاروں کے تعاون کی پیش کش خوش آئند اور قابل ستائش ہے۔ وفد کے ارکان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کو توانائی کے جس بحران کا سامناہے ، ہم اس کے خاتمے میں حکومتی کاوشوں میں ہرممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم کوئلے سے 50سے 100میگاواٹ کے پانچ منصوبے لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور کوئلے و دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے بڑے منصوبے بھی لگانے کے لئے تیار ہیں۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیکرٹری قانون کو پولیس اصلاحات کے حوالے سے تجاویز کو مرتب کرنے اور مسودہ قانون کی شکل دینے کی ہدایت کر دی ، بجٹ اجلاس کے بعد بلائے جانیوالے پنجاب اسمبلی کے سیشن میںپیش کر دیا جائےگا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف پولیس اصلاحات کے حوالے سے تجاویز کو جلد از جلد قانونی شکل دینا چاہتے ہیں اس لئے انہوں نے سیکرٹری قانون ابو الحسن نجمی کو ہدایت دی ہے کہ پولیس اصلاحات کے حوالے سے ہونےوالے اجلاسوں میں سامنے آنےوالی تجاویز کو مرتب کیا جائے اور مسودہ قانون کی شکل دینے کا کام شروع کیا جائے ۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ زراعت ، لائیوسٹاک اور ڈیری فارمنگ کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ پنجاب حکومت چھوٹے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کر ر ہی ہے۔ وہ ماڈل ٹاﺅن میں زراعت کی ترقی اور فی ایکٹر پیداوار بڑھانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارات کر رہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ جدید زرعی تحقیق کے اداروں کی استعدا د کار بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ زرعی اجناس کی فی ایکٹر پیداوار میں اضافے کےلئے جدید زرعی تحقیق کے نتائج کاشتکاروں تک پہنچنے چاہئیں تاکہ وہ ان سے بھر پو ر فائدہ اٹھا سکیں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ماڈل ٹاﺅن میں سابق وزیراعلیٰ سندھ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ارباب غلام رحیم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عوامی خدمت کا تاریخی مینڈیٹ ملا ہے۔ ملک کو مسائل کے چنگل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے گلگت میں نانگا پربت بیس کے قریب غیر ملکی سیاحوں کے قتل کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک اوردلخراش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج بری طرح متاثر ہوا ہے اور غیر ملکی سیاحوںکو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے اور پاکستان کے امیج کو خراب کرنے کی گھناونی سازش ہے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے تمام محب وطن قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا۔

شہبازشریف

مزید : صفحہ اول