چودھری نثار کا چین اور یوکرائن کے سفیروں کو ٹیلیفون، واقعہ پر اظہار افسوس
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے چین اور یوکرائن کو یقین دلایا ہے کہ سانحہ نانگا پربت کے ذمہ دار دہشت گردوں کو ہر قیمت پر گرفتار کر کے عبرتناک سزائیں دی جائیں گی‘ یہ واقعہ دوست ممالک کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش ہے‘ وزیر داخلہ نے سانحہ نانگا پربت پر تعزیت کیلئے پاکستان میں چین اور یوکرائن کے سفیروں سے اتوار کو ٹیلی فون کر کے دہشت گردی کے واقعہ میں چینی او ریوکرائن کے شہریوں کی ہلاکت پر حکومت پاکستان کی طرف سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پاکستان میں چینی سفیر لیوشولن اور یوکرائن کے سفیر ولادی میرلوکوموف سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے چینی اور یوکرائن کے شہریو ںکی دہشت گردی کے واقعہ میں ہلاکت کی شدید مذمت کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت پاکستان مارے گئے چینی اور یوکرائنی شہریوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے چین اور یوکرائن کے سفیر کو یقین دلایا کہ اس گھناﺅنے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو ہر قیمت پر گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت ممالک کے پاکستان میں شہریوں کوقتل کر کے پاکستان کے دوست ممالک سے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ وزیر داخلہ نے دونوں دوست ممالک کے سفیروں کو وزیر اعظم نواز شریف کا بھی ہمددی اور تعزیت کا پیغام پہنچایا۔
ٹیلیفون