کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کرینگے

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کرینگے

                           لاہور(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نواز شریف انتہائی عجلت میں بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں لیکن انہیں ہر فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہئے بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت کی جانی چاہئے وفاقی حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرنے میں ناکام ہوگئی ہے نواز شریف اور اسحاق ڈار اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے موجودہ بجٹ واپس لیں اور ازسر نو تیاری کرکے غریب دوست بجٹ پیش کریں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور میں جاری جمعیت طلبہ عربیہ کے 39ویں سالانہ سہ روزہ اجتماع ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر جمعیت طلبہ عربیہ کے مرکزی منتظم اعلیٰ مولانا محمود بشیر،جمعیت اتحاد العلماءکے مرکزی صدر مولانا عبدلمالک اور جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحر اﷲ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے اندر قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے لاکھوں لوگوں کو شہیدبچوں کو یتیم اور عورتوں کو بیوہ کیا گیا ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے امریکہ بھارت گٹھ جوڑ پاکستان کو کشمیر کے مسئلے پر پسپا کر کے دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ تجارتی اور ثقافتی وفود کے تبادلے سے بھارت کو پسندیدہ ملک کے طور پر منوا لیں لیکن ایسی ہر کوشش کو ناکام بنادیا جائے گا کشمیر کے معاملے پر کسی قسم کی سودے بازی قابل قبول نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور دیگر ممالک کے حوالے سے پاکستان کی پالیسیا ں تبدیل کی جائیں اور قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کردہ قراردادوں کے تناظر میں خارجہ اور داخلہ پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک دفعہ پھر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے آگے کشکول لے کر جانے کی بات کی ہے جس سے قوم کی تذلیل ہوئی ہے ۔

مزید : صفحہ آخر