یونانی حکومت کی نئی تجاویز اہم پیش رفت ہے، جرمن چانسلر

یونانی حکومت کی نئی تجاویز اہم پیش رفت ہے، جرمن چانسلر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برسلز (اے پی پی) یونان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے مذاکرات کے اختتام پر جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا کہ یونان کی جانب سے پیش کی گئی نئی تجاویز اہم پیش رفت ہے تاہم مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔انھوں نے کہا کہ مجھ سمیت جو بھی ان مذاکرات میں شامل تھا سب ہی چاہتے تھے کہ یونان یورو زون میں رہے۔انھوں نے کہا کہ مذاکرات میں یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وقت کم ہے اور بہت سے اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس لیے ہمیں پوری توجہ کام پر دینی چاہیے۔فرانسیسی صدر نے مذاکرات کے بعد کہا کہ یونان اور دیگر ممالک معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔اس سے قبل یونان نے امیروں اور کاروباری اداروں پر نئے ٹیکسوں سمیت سمجھوتے کے لیے نئی تجاویز پیش کیں۔رکن ملکوں کے وزرائے خزانہ نے یونانی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اِن کی بنیاد پر چند دنوں کے اندر اندر اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ مالیاتی ادارے اور یورپی رہنما یونانی حکومت سے پینشن میں کٹوتی سمیت ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے، سرکاری شعبے کے اخراجات میں کمی، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور بجٹ کے حجم میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم یونانی وزیراعظم نے پنشن میں کٹوتی اور بجلی کے نرخ بڑھانے سے انکار کر دیا ہے۔یونان کو دیوالیہ پن سے بچانے کے مذاکرات پانچ ماہ سے بغیر کسی نتیجے کے جاری ہیں اور عالمی مالیاتی فنڈ اور یورپی مرکزی بینک نے یونان میں اصلاحات تک کسی بھی طرح کی مزید امداد سے انکار کر دیا ہے۔دوسری جانب یونان میں کھاتے داروں اور نجی اداروں نے گذشتہ چند روز میں بینکوں سے اربوں یورو نکال لیے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق روزانہ 70 کروڑ یورو بینکوں سے نکالے جا رہے ہیں جس سے بینکنگ نظام بہت زیادہ دباؤ میں آگیا ہے۔

مزید :

کامرس -