آج کی جیت کیلئیفارورڈز کو گول کرنے ہوں گے ٗ شہناز شیخ

آج کی جیت کیلئیفارورڈز کو گول کرنے ہوں گے ٗ شہناز شیخ

اینٹورپ (نیٹ نیوز)پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے کہا ہے کہ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے اگلے میچوں میں پاکستانی فارورڈز کو گول کرنے ہوں گے کیونکہ پہلے میچ میں انھوں نے گول کرنے کے متعدد یقینی مواقع ضائع کیے۔پاکستانی ہاکی ٹیم نے بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں جاری ورلڈ ہاکی لیگ کے پہلے میچ میں پولینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دی اور اب وہ اپنا دوسرا میچ بدھ کے روز آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ایک انٹرویو میں شہناز شیخ نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے پہلے میچ میں جارحانہ ہاکی کھیلی جس کا نتیجہ چھ پنلٹی کارنروں کی صورت میں سامنے آیا، جن میں سے دو پر گول بھی ہوئے، لیکن پاکستانی فارورڈز نے گول کرنے کے مواقع ضائع بھی کیے جس پر قابو پانا ہو گا۔شہناز شیخ نے کہا کہ آسٹریلیا عالمی نمبر ایک ٹیم ہے جس نے پہلے میچ میں فرانس کو دس گول سے شکست دی ہے، لیکن پاکستانی ٹیم میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ عالمی نمبر ایک ٹیم کا سخت مقابلہ کر سکے۔

پاکستانی ٹیم کو پہلا میچ جیت کر اعتماد ملا ہے اور انھیں یقین ہے کہ کھلاڑی اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کھیلیں گے۔انھوں نے کھلاڑیوں کو آسٹریلوی ٹیم کی کمزوریاں بھی ویڈیو کی مدد سے بتائی ہیں اور ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔شہناز شیخ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے امکانات خاصے روشن ہیں۔ اولمپکس میں 12 ٹیموں نیحصہ لینا ہے جن میں برازیل میزبان کی حیثیت سے کھیلے گا۔

پانچ کانٹی نینٹل چیمپئن ٹیمیں ہوں گی ٗ چھ کوالیفائر ہوں گی۔ظاہر ہے اگر کوئی کانٹی نینٹل ٹیم کسی کوالیفائنگ راؤنڈ سے کوالیفائی کریگی تو اسے دو میں سے ایک جگہ چھوڑنی ہو گی اور وہ جگہ کسی دوسری ٹیم کو مل جائیگی۔شہنازشیخ نے کہا کہ بیلجیئم کے ٹورنامنٹ میں پانچویں نمبر تک آنے والی ٹیم کے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہوں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی