بھارتی فوج معصوم طالب علموں کو بھی جرم بیگناہی میں قتل کررہی ہیں

بھارتی فوج معصوم طالب علموں کو بھی جرم بیگناہی میں قتل کررہی ہیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر ( کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر کی حریت پسند قیادت نے کہا ہے کہ بھارتی فوج ہمارے ان نہتے اور معصوم طالب علموں کو بھی جرم بیگناہی میں قتل کررہی ہیں، جن کے ہاتھوں میں بندوق نہیں ہوتی ہے اور جو صرف احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوتے ہیں۔ حریت کانفرنس (گ) ( ع )، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، نیشنل فرنٹ ،ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ ، سالویشن مومنٹ، پیپلز فریڈم لیگ ،مسلم لیگ ،پیپلز لیگ ،اسلامک سٹوڈنٹس لیگ،مسلم دینی محاذ ،اسلامی تنظیم آزادی نے ریڈونی کولگام جھڑپ میں مارے گئے 2عسکریت پسندون اور ایک شہری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ حریت کانفرنس( گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت سے وابستہ امیرِ حمزہ شاہ، محمد شعبان ڈار(صدرِ ضلع کولگام)،بشیر احمد قریشی اور ظہور الحق گیلانی پر مشتمل وفد ریڈونی گیا اور شہداکی نماز جنازہ اور احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔
علی گیلانی نے اپنے بیان میں عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان بھارت کے فوجی قبضے کے خلاف شعوری طور سرفروشی کا راستہ اختیار کرتے ہیں اور وہ اپنی قوم کے روشن مستقبل کے لیے اپنی اٹھتی جوانیوں کو قربان کررہے ہیں، البتہ بھارتی فورسز ہمارے ان نہتے اور معصوم طالب علموں کو بھی جرم بیگناہی میں قتل کررہی ہیں، جن کے ہاتھوں میں بندوق نہیں ہوتی ہے اور جو صرف احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈونی کولگام میں بھی اسی نوعیت کے ایک واقعے میں ایک نہتے نوجوان کو گولیوں سے بھون ڈالا گیا ہے۔ یہ ریاستی ظلم و جبر کی بدترین مثال ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ادھر حریت ع نے ریڈونی کولگام میں سرکاری فورسز کے ساتھ ایک معرکے میں شہید ہوئے دو عسکریت پسندوں جاوید احمد ساکن ریڈونی اور ادریس احمد نینگرو ساکن یاری پورہ کولگام کو خراج عقیدت اداکرتے ہوئے ایک جائز جدوجہد میں کشمیری عوام کی جانب سے دی جا رہی جانی و مالی قربانیوں کی حفاظت اور شہیدوں کے مشن کو پایہ تکمیل تک لے جانے کیلئے رواں تحریک کے تئیں وابستگی اور استقامت کو مقصد کے حصول میں کامیابی کے نا گزیر تقاضے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو دھونس دبا یا فوجی طرز عمل سے حل نہیں کیا جا سکتا ۔ بیان میں سرکاری فورسز کے ہاتھوں ایک پر امن احتجاجی مظاہرے کے دوران پر تشدد کاروائی میں ایک عام شہری آصف احمد ساکن ریڈونی بالا کو شہید کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ کی آڑ میں نہتے شہریوں کو جان بوجھ کر ہلاک کرنے کی کاروائیاں سرکاری دہشت گردی کا بدترین نمونہ ہے۔ اس دوران حریت چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر سینئر حریت رہنما مختار احمد وازہ نے ریڈونی اور یاری پورہ کولگام جا کر اس معرکے میں شہید ہوئے نوجوانوں کو ایک عام شہری کو بھرپور خراج عقید ت اداکیا۔وازہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے جائز حق کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں پیش کرتے آرہے ہیں ۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ ،جنرل سیکریٹری مولانا محمد طاری اوربشیر احمد شاہ کو پولیس نے ریڈونی کولگام جاتے ہوئے اونتی پورہ کے مقام پر گرفتار کرلیا۔ترجمان نے ریڈونی کولگام میں اتوار کی شام ایک معرکہ آرائی میں شہید ہوئے جوانوں جاوید احمد بٹ اور ادریس احمد نینگرو کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس معرکہ آرائی کے دوران فورسز اہلکاروں نے مقامی آبادی کو تختہ مشق بنایا اور ارادتا انہیں زدوکوب کیا ۔فورسز کے ظلم و ستم اور نوجوانوں کے خلاف تشدد ڈھانے کے خلاف جب مقامی آبادی نے احتجاج کیا تو فورسز نے بندوق کے دہانے کھول دئے اور ایک معصوم نوجوان آصف رشید تانترے کی جان لی ۔ادھر شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر ایک وفد بشیر احمد وانی کی قیادت ،جس میں ماسٹر گل محمد،ماسٹر غلام محی الدین، عبدالعزیز اور رفیق احمد شامل تھے، ریڈونی کولگام گئے اورشہداکو خراج عقیدت پیش کیا ۔ نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز ہمارے آزادی پسند نوجوانوں کو جھڑپوں اور امن و قانون کی آڑ میں جاں بحق کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔نعیم خان نے کہاکہ کشمیری عوام نے ہر بھارتی ظلم کے باوجود اس بات کا تہیہ کر رکھا ہے کہ غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر آزادی کی نعمت حاصل کرنی ہے۔ نعیم خان نے ریڈونی کولگام میں فورسز کے ہاتھوں عام شہریوں پر طاقت کے بے تحاشہ استعمال کو قابض قوتوں کی بوکھلاہٹ قرار دیا۔ انہوں نے ریڈونی کولگام کے عام لوگوں کے جذبہ آزادی کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گولیوں کے بیچ میں ہی قابض فورسز کی غنڈہ گردی کیخلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ چیئرمین فردوس احمد شاہ نے فورسز کے ہاتھوں ما رے گئے کولگام کے عاصف احمد تانترے کی ہلاکت کو انسان حقوق کی بدترین مثال قرار دیتے ہو ئے الزام عائدکیا کہ کشمیرمیں بار بار شہری ہلاکتوں کے واقعات عالمی برادری کیلئے چشم کشاہے۔ فردوس شاہ نے عاصف احمد تانترے کی ہلاکت اس بات کا بین ثبوت ہے کہ جموں کشمیر میں جو آپریشنل فورسز کام کررہی ہیں، وہ کسی ذمہ دار ادارے کی مانند نہیں ہیں اور نہ انہیں جوابدہی کا کوئی احساس ہے۔ انہوں نے مارے گئے نوجوان اور دیگر دو عسکریت پسندوں کی بلندی درجات اور ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ کوبجبہاڑہ میں ریڈ وانی کولگام جاتے ہوئے گرفتارکیا جب وہ شہداکی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے جارہے تھے ۔ترجمان کے مطابق امتاز احمد ، فارو ق احمد، عبدالرشید اور محمد ایوب نے آصف تانترے اور جاوید احمد بٹ کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ شہیدوں کا مقدس لہو ایک دن انشا4129للہ رنگ لاے گا ۔مسلم لیگ کے ضلع صدر سبزار احمد ڈار اور محمد امین بٹ پر مشتمل وفد ریڈونی کولگام گیا جہاں شہداکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ پیپلز لیگ سے وابستہ امتیاز ریشی ،غلام محمد میر اور احمد اللہ ریڈ وانی کولگام پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور شہداکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔پیپلز لیگ چیئرمین فاروق عثمان ڈار نے شہداکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔

مزید :

عالمی منظر -