کراچی میں غریب انسانوں کی موت کے ذمہ دار وفاقی اور صوبائی ذمہ دار ہیں،غلام عباس
لاہور( ایجوکیشن رپورٹر ) چیئرمین اسلامی تحریک طلبہ پاکستان غلام عباس صدیقی نے کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث تین سو ستر انسانوں کی اموات کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مظلوم،بے گناہ،غریب انسانوں کی موت کے ذمہ دار وفاقی اور صوبائی ذمہ دار ہیں ماہ صیام میں بدترین لوڈشیڈنگ نے اہلیان پاکستان کا جینا حرام کردیا ہے شدید احتجاج کے باوجود بے حس حکمرانوں کے کان میں جوں تک نہیں رینگتی ،حکمران ذاتی مفادات میں اس قدر اندھے ہوگئے کہ انسانوں کی جانیں قربان کرنا شروع ہوگئے ،روزہ دار سخت گرمی میں بجلی کے باوجود روزہ بڑی مشکل سے پورا کر سکتا ہے چے جائیکہ کئی کئی گھنٹوں لوڈشیڈنگ کرکے انسانوں کو موت کے منہ میں دھکیلا جا رہا ہے، حکمرانوں کا یہ رویہ اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ I.T.T.PAK کے سربراہ نے کہا کہ عوام کو سستی مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ ماہ صیام میں مسلمانوں کو تکلیف نہ ہو،وفاقی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا مگر آج لوڈشیڈنگ ختم ہونے کی بجائے لوڈشیڈنگ کا جن بوتل سے ایسے باہر آگیا ہے۔
کہ حکمران اسے کنڑول کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں وفاقی حکومت اپنا وعدہ پورا کرے یا اقتدار سے الگ ہوجائے انہوں نے کہا کہ خلیفۂ دوئم سیدنا عمر فاروقؓ نے فرمایا تھا کہ اگر دریائے فرات کے کنارے کتا بھی بھوکا مر گیا تو عمر سے پوچھا جائے گا مگر آج بھوک اور پیاس کے باعث انسان خود کشیاں کر رہے ہیں جو حکومت اور کرپٹ نظام کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اب کرپٹ لیڈرز اور کرپٹ نظام کو ختم کرکے اسلامی نظام قائم کرنا ہوگا جو عوام کا حقیقی معنوں میں وفادار ہے اسلامی تحریک طلبہ مرحومین کے لوحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے رمضان المبارک میں جو مسلمان گرمی کے باعث شہید ہوگئے یہ موت شہادت کی موت ہے اللہ تعالیٰ مرحومین کو شہادت کے درجے سے سرفراز کرے۔ (امین)