بجلی کی پیداوار کے بہت سے منصوبے پائپ لائن میں ہیں جلد مکمل ہوجائینگے،ناصر سعید
لاہور( وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے مشیر اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن ناصر سعید نے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار کے بہت سے منصوبے پائپ لائن میں ہیں جن کی تکمیل کے بعد توانائی کا بحران ختم ہوجائے گا ، مثبت تجاویز دینے کے بجائے بجلی پر سیاست چمکانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ۔ لاہور کی مارکیٹوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر سعید نے کہا کہ پنجاب حکومت سولر اور کوئلے کے پاور پراجیکٹس کے ذریعے انرجی مکس پر کام کررہی ہے تاکہ توانائی کے بحران کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔ ناصر سعید نے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینا وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سو میگاواٹ کا سولر پاور پراجیکٹ پہلے ہی فعال ہوچکا ہے جبکہ پنڈ دادن خان میں کوئلے سے 300میگاواٹ اور ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے پاور پراجیکٹس پائپ لائن میں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر نے کہا کہ پنجاب حکومت مائننگ سیکٹر کی تنظیم نو کررہی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کوئلے کے ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کان کنی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی اوّلین ترجیح ہے۔ ناصر سعید نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے حل میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔