رمضان میں بنیادی ضرورتوں سے عوام کو محروم رکھنے کی مذمت کرتے ہیں،علیم خان

رمضان میں بنیادی ضرورتوں سے عوام کو محروم رکھنے کی مذمت کرتے ہیں،علیم خان

لاہور(نمائندہ خصوصی )چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ ،پینے کے پانی اور بنیادی ضرورتوں سے محروم رکھ کر رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں لوگوں سے جانوروں جیسا سلوک کونسی انسانیت ہے ،اس صورتحال میں کوئی عملی قد م اُٹھانے کی بجائے نا اہل وزرا ء کے بیا نات بے بس عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں جن پر وزیر اعظم کو فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر ڈھٹائی سے سولر اور ونڈ پاور پر پابندی کی بات کر رہا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے ایک مہینہ پہلے 18میگاواٹ کی بجائے 100میگاواٹ کے پرا پیگنڈہ پر اربوں روپے لٹائے ہیں ،انہوں نے کہا ہے کہ انتخابی مہم میں چند مہینوں میں لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے دعوے کرنے والے آج ٹیلی وژن ٹاک شوز میں ٹیلی فون پر جواب دینا گوارا نہیں کر رہے اسی طرح نندی پور پراجیکٹ پر 60ارب روپے ضائع کرنے کے باوجود بجلی کی پیداوار" زیرو" ہے جو گڈ گورننس کے دعوؤں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ نے عوام سے رہی سہی سہولتیں چھین لی ہیں اور آج شہروں اور دیہی علاقوں میں 20،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عام آدمی کا جینا اجیرن کر دیا ہے جبکہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ،انہوں نے کہا کہ پانی و بجلی کے وفاقی وزیر عوام سے لوڈشیڈنگ پر معافی مانگنے کی ڈرامہ بازی کر کے اپنی ذمہ داریوں سے بڑی الذمہ نہیں ہو سکتے اس سے بہتر ہے کہ وہ اپنا عہدہ چھوڑ کر گھر کی راہ لیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک کو ایشئین ٹائیگر بنانے کا نعرہ لگانے والوں نے عام شہری سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے اب اس حکومت کے باقی رہنے کا کوئی جواز دکھائی نہیں دیتا انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی اور دیہی علاقو ں کیلئے فوری طور پر گرینڈ پلان کا اعلان کیا جائے تاکہ لوگوں کو فوری طور پر ریلیف مل سکے ۔عبدالعلیم خان نے نے رینجرز کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کو سہراتے ہوئے سندھ کی صوبائی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور وزیراعلیٰ سندھ کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا وہ آج یہاں پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...