اشیائے خورونوش کے معیار ومقدارپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،بلال یاسین

اشیائے خورونوش کے معیار ومقدارپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،بلال یاسین

لاہور (پ ر)صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت کے رمضان پیکج کے انتہائی مفید نتائج سامنے آئے ہیں ۔ رمضان بازاروں میں کنٹرول ریٹ پر عوام کو معیاری اور سستی اشیائے خوردنی فراہم کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ رمضان بازاروں میں غذائی اجناس کی کمی نہ ہونے پائے۔ یہ بات انہوں نے اسلام پورہ رمضان بازار، ماڈل بازار سبزہ زار ،میاں پلازہ جوہر ٹاؤن رمضان بازار،وحدت کالونی اور شادمان کے رمضان بازاروں کے اچانک دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ٹی ایم او داتا گنج بخش ٹاؤن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے انتظامیہ کوہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والے لوگوں بالخصوص عورتوں اور بچوں اور بوڑھوں کے آرام کا خصوصی بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے رمضان پیکیج سے عوام بہت خوش ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی اشیاء کی قلت کی شکایت نہیں ہونی چاہیے ۔ صوبائی وزیر نے صحافیوں کو بتایا کہ کمشنر ز اور ڈی سی اوز کو رمضان بازاروں کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں اشیائے صرف کی کوالٹی اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں ۔صوبائی وزیر نے میاں پلازہ جوہر ٹاؤن میں قاسم علی پٹواری کو چکن کا وزن کم تولنے پر معطل کر دیا اور ایک شہری محمد اشرف کے خلاف سگریٹ نوشی پر ایف آئی آر درج کروا دی ۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...