ناقص تیل سے پکوڑیاں بنانے اور کپڑا رنگنے والا رنگ استعمال کرنے والی فوڈ فیکٹری سیل8 گرفتار
لاہور(پ ر) ڈی جی فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیرسرپرستی ملاوٹ مافیا کے خلاف زبردست مہم جاری ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمز نے آج لاہور میں واقع تمام رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔ رمضان بازاروں میں پھلوں‘ سبزیوں‘ مشروبات‘ آٹا‘ چینی اور دیگر کے معیار کو موقع پر چیک کیا گیا اور ناقص اشیاء کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔ رمضان بازاروں میں معائنہ کے دوران مشکوک اشیاء جیسے کہ مصالحہ جات‘ بیسن‘ آٹا‘ مشروبات وغیرہ کے 25 سے زائد نمونہ جات لئے گئے اور لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لئے بھجوا دیئے۔ مزید اتھارٹی کے افسران نے ضلع لاہور میں رمضان بازاروں کے علاوہ بھی مختلف مقامات کا دورہ کیا اور مختلف جگہوں پر صفائی کے ناقص انتظامات ہونے پر بہتری کے نوٹس جاری کئے اور مجموعی طور پر 50ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فیلڈ ٹیم نے ایم ایم عالم روڈ گلبرگ ٹاؤن میں واقع ضیافت ریستوران کو صفائی کے ناقص انتظام اور گندے فریزر کی وجہ سے بھاری جرمانہ عائد کیا گیا اور شالیمار ٹاؤن میں واقع شیخ سرور فوڈز کو انتہائی ناقص صفائی میں پکوڑیاں بنانے‘ کھلا تیل استعمال کرنے اور کپڑے رنگائی کرنے والے رنگ کے استعمال پر سربمہر کر دیا۔ اس کے علاوہ آٹھ افراد کو گرفتار کروایا گیا اور ان کے خلاف تھانہ گجرپورہ میں ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی۔ سمن آباد ٹاؤن کی ٹیم نے لاہوری شاہی پٹھورے کو صفائی کے ناقص انتظامات کی بنا پر سیل کر دیا۔ جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن کی ٹیم نے سیدپور بازار میں اسلم سموسہ پٹی یونٹ پر ریڈ کیا اور ناقص اشیاء جن میں 500کلو سموسہ اور روڈ پٹی‘ 100 کلو آلو کا پیسٹ‘ 150 کلو سموسہ کا مصالحہ‘ 375 کلو کیچپ‘ 500 کلو تیارشدہ سموسے اور 500 کلو تیار شدہ رول شامل ہیں موقع پر تلف کر دیئے گئے۔ اسی طرح شالیمار ٹاؤن کی ٹیم نے صفائی کے ناقص انتظامات کی بناپر النور سموسہ کو سربمہر کر دیا۔