پابندیاں لگوانے کی کوشش ‘ چین نے اقوام متحدہ میں پاکستان کیخلاف بھارتی قرار داد ویٹو کر دی
اقوام متحدہ(خصوصی رپورٹ، آئی این پی) بھارت نے 2008ء کے ممبئی دہشتگرد حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمٰن لکھوی کی ایک پاکستانی عدالت کے حکم پر رہائی کے خلاف اقوام متحدہ سے پاکستان پر پابندیاں لگوانے کی کوشش کی جسے چین نے ناکام بنا دیا۔ تفصیل کے مطابق دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت نے ایک بار پھر پاکستان دشمنی کا کھل کر اظہار کیا ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی پابندیاں لگانے والی کمیٹی میں پاکستان میں پابندیاں لگانے کی قرار داد پیش کی۔ قرار داد ذکی الرحمان لکھوی کی عدالت سے رہائی کے خلاف پیش کی گئی۔ بھارت کا موقف تھا کہ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی اقوام متحدہ کی قرار داد کی خلاف ورزی ہے۔ چین نے قرار داد کو ویٹو کر دیا۔ چینی نمائندے کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو لکھوی کے خلاف مناسب معلومات اور شواہد پیش نہیں کئے، لکھوی کی رہائی پر بھارتی واویلا بے بنیاد ہے۔نیو یارک میں بھارت کی درخواست پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر مختلف تنظیموں اور ممالک پر پابندی عائد کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ بھارت نے اقوام کی سلامتی کونسل کی پابندیوں والی کمیٹی کو پاکستان کے خلاف متحرک کیا تھا، کمیٹی میں اقوام متحدہ کے 5مستقل اور 10غیر مستقل ارکان شامل ہیں۔ کمیٹی میں شامل چین کے مندوب نے اعتراض اٹھایا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف پیش کی جانے والی معلومات ناکافی ہیں اس لئے درخواست پر مزید کارروائی نہیں ہو سکتی جس پر کمیٹی کے سربراہ نے کارروائی معطل کر دی۔