گلگت بلتستان اسمبلی کی9 میں سے 6 مخصوص نشستیں(ن) لیگ کو مل گئیں

گلگت بلتستان اسمبلی کی9 میں سے 6 مخصوص نشستیں(ن) لیگ کو مل گئیں

گلگت( اے این این) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 9 مخصوص نشستوں سے مسلم لیگ(ن) ،6 اسلامی تحریک پاکستان کو 2 جبکہ مجلس وحدت المسلمین کو ایک نشست مل گئی، منگل 30 جون کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) طاہر علی شاہ کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق خواتین کی 4 نشستیں مسلم لیگ(ن) کو مل گئی ہیں جن پر شریں ا ختر ، نسرین بانو، رانی عتیقہ ، غضنفر اور ثوبیہ جبین جبکہ اسلامی تحریک کی ریحانہ عبادی اور مجلس وحدت المسلمین کی بی بی سلیمہ منتخب ہوگئی ہیں ۔ قانون ساز اسمبلی میں ٹیکنو کریٹس کی 3 سیٹوں میں سے مسلم لیگ(ن) کو 2 سیٹیں ملی ہیں جن پر اورنگزیب خان ایڈووکیٹ اور میجر(ر) محمد امین کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ ایک سیٹ کیلئے مجلس وحدت المسلمین اور اسلامی تحریک پاکستان کے منتخب کردہ افراد کے درمیان قرعہ اندازی ہوئی جس میں اسلامی تحریک پاکستان کے کیپٹن(ر) محمد شفیع کو کامیاب قرار دیا گیا ۔ اس طرح قانون ساز اسمبلی کے 33 ممبران مکمل ہوگئے ہیں جس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کو مجموعی طورپر 22 نشستیں مل گئی ہیں ۔ اسلامی تحریک پاکستان 4 سیٹوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آگئی ہے ۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم،جماعت اسلامی اور دیگر کئی جماعتوں کا کوئی امیدوار اس ایوان کا حصہ نہیں ہے۔

مزید : صفحہ اول