سمندری ہوائیں ‘ بند ہونے سے کراچی میں ہیٹ انڈکس 49ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

سمندری ہوائیں ‘ بند ہونے سے کراچی میں ہیٹ انڈکس 49ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

کراچی (اان لائن ،اے این این) محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ ملک کے ساحلی علاقوں میں شدید گرمی کی وجہ سمندری ہواؤں کا بند ہونا تھا جس کی وجہ سے کراچی شہر میں ہیٹ انڈکس یا محسوس ہونے والی گرمی تقریباً 49ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گئی۔کراچی میں گذشتہ چند دنوں سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہے اور شدید گرمی کی وجہ سے اب تک 700کے قریب ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حنیف نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کا یہ موسم کافی حد تک غیر معمولی تھا اور پاکستان کی تاریخ میں اس قسم کے حالات دیکھنے میں نہیں آئے۔ انھوں نے بتایا کہ کراچی میں 1979میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا لیکن اس سال غیر معمولی عوامل زیادہ اموات کی وجہ بنے۔ ڈاکٹر حنیف نے کہا کہ اس مرتبہ غیر معمولی بات یہ تھی کہ جو معمول کے مطابق سمندر کی ٹھنڈی ہوائیں چلتی تھیں وہ رک گئیں، ہوا میں نمی زیادہ تھی، ہوا کا دبا ؤمعمول سے بہت کم تھا اور درجہ حرارت تو زیادہ تھا ہی ان تمام عوامل سے ہیٹ انڈکس بہت بڑھ گیا۔ سمندر کی بند ہوا 30 فیصد تک بحال ہونا شروع ہوئی ہے۔ سمندر کی جنوب مشرق سے ہوا چل رہی ہے اور درجہ جرارت جو گذشتہ تین دن سے 43 ڈگری تھا وہ کم ہو کر 41ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ کچھ دنوں سے کراچی میں ہیٹ انڈکس 49ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا ہے جس کی وجہ سے شدید حبس اور گھٹن محسوس ہوتی ہے اور سب سے زیادہ اس کا اثر عمر رسیدہ افراد پر پڑا ہیٹ انڈکس کا مطلب وہ درجہ حرارت یا گرمی ہے جو انسان محسوس کرے۔ موسمیات کے مطابق کراچی میں 50 سال کے عمر تک کے افراد کیلئے ہیٹ انڈکس 49 ڈگری تھا لیکن 75 برس کے افراد کیلئے ہیٹ انڈکس 50ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ ملک کی ساحلی پٹی پر سال میں دس ماہ سمندر سے آنیوالی ہوائیں چلتی ہیں لیکن سال کے دو مہینے یعنی گرمیوں اور سردیوں کے آغاز میں سمندر کی ہوا بند ہو جاتی ہے اور اسی عرصے کے دوران ساحلی علاقوں میں موسم متعدل رہنے کے بجائے گرم ہوتا ہے۔ ڈاکٹر حنیف نے بتایا کہ اپریل اور ستمبر کے مہینے میں کراچی میں ہوائیں بند ہو جاتی ہیں لیکن اس مرتبہ جون کے مہینے میں سمندری ہوائیں بند ہو گئیں جو کہ بہت خطرناک ہے کیونکہ خشک علاقوں سے گرم ہوائیں چلیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے جنوب میں یعنی سمندر پر ہوا کا دباؤ زیادہ ہونا چاہیے تھا لیکن غیر معمولی طور پر سمندر پر ہوا کا دباؤ انتہائی کم تھا اور ہوا کا یہی کم دبا ؤاب بعض علاقوں میں شدید بارش کی وجہ بنے گا۔ ڈاکٹر حنیف نے کہا کہ ہوا کے کم دباؤ کے سبب بھارت کے صوبے گجرات میں آئندہ چند دنوں میں شدید بارش ہو گی اور صوبہ سندھ کے جنوبی علاقوں میں بھی اچھی بارش ہو گی یہی کم دبا ؤ جو کراچی میں شدید گرمی کی وجہ بنا لیکن اب اس کی وجہ سے تھر کے علاقوں میں موسلادھار بارش ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی ماحولیاتی تبدیلی نہیں بلکہ غیر معمولی موسم تھا۔ کراچی میں ہیٹ انڈکس 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا اور شدید حبس اور گھٹن کا زیادہ اثر عمر رسیدہ افراد پر ہوا یہ معمول کے مطابق موسمیاتی تغیر نہیں بلکہ یہ موسمیاتی خرابیاں ہیں اور ان غیر معمولی موسموں کا پہلے سے پتہ لگانا ماہرین کیلئے چیلنج ہے اور آنے والے چند برسوں میں اس طرح کے شدید موسموں کا امکان زیادہ ہے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...