پارکنگ فیس کے نفاذ کے خلاف دائر تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم

پارکنگ فیس کے نفاذ کے خلاف دائر تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم

لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے نجی پارکنگ سٹینڈز میں ضلعی انتظامیہ کی مقرر کردہ پارکنگ فیس کے نفاذ کے خلاف دائر تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی ہے کہ تمام درخواستیں متعلقہ بنچ کے روبرو سماعت کے لئے پیش کی جائیں۔ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے شہلا جاوید اکرم کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزا ر کے وکیل احمد پرویز نے موقف اختیارکیا کہ ضلعی انتظامیہ نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے نجی پارکنگ پلازوں اور نجی عمارتوں میں موجود پارکنگ سٹینڈز میں یکساں فیس کے نفاذ کا نوٹیفیکشن جاری کیا ہے۔انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ ضلعی حکومت کو پرائیویٹ پارکنگ پلازوں پر اس طرح پابندی عائد کرنے کا کوئی قانونی اختیار حاصل نہیں ہے ہے لہٰذا ضلعی انتظامیہ کا جاری کردہ نوٹیفیکیشن کالعدم کیا جائے اور پرائیویٹ پارکنگ پلازہ ٹھیکیداروں اور مالکان کو حراساں کرنے سے روکا جائے، سرکاری وکیل میاں افتخارنے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس بابت متعدد درخواستیں لاہور ہائیکورٹ کے مختلف بنچز کے روبرو زیر سماعت ہیں لہٰذا تمام درخواستیں یکجا کر کے کر ان کی سماعت کی جائے۔

درخواستیں یکجا

مزید : علاقائی