سبسڈی کی عدم ادائیگی، جواب داخل نہ کروانے پر ڈپٹی سیکرٹری کامرس طلب

سبسڈی کی عدم ادائیگی، جواب داخل نہ کروانے پر ڈپٹی سیکرٹری کامرس طلب

لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے فٹ ویئر انڈسٹری کو دس برس سے سبسڈی کی رقم کی عدم ادائیگی پر دائر درخواست میں جواب داخل نہ کروانے پر ڈپٹی سیکرٹری کامرس کو 28جولائی کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا، مسٹر جسٹس فرخ عرفان خان کے روبرو سگما شوز اور پاکستان فٹ ویئر مینو فیکچرز ایسوسی ایشن سمیت متعدد درخواستوں پر سماعت شروع ہوئی تو سٹینڈنگ کونسل نے وفاقی حکومت کی جانب سے جواب داخل کروانے کے لئے مہلت دینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کے سیکرٹری کامرس اور فنانس کو بیرون ملک دوروں سے فرصت نہیں ملتی ، عدالت ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر کے طلب کرے گی تو یہ آئیں گے؟ جس پر سٹینڈنگ کونسل نے استدعا کی کہ آئندہ سماعت پر تمام ریکارڈ اور جواب عدالت کے روبرو پیش کر دیا جائے گا، درخواست گزاروں نے محمد اعظم چغتائی ایڈووکیٹ کی وساطت سے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ وفاقی حکومت نے سال دو ہزار چھ میں جوتے بنانے والی انڈسٹری کو ملک میں فروغ دینے کے لئے چھ فیصد سبسڈی کی رقم ادا کرنے کی منظوری دی تھی جس پر درخواست گزاروں نے کروڑوں کے معاہدے کر لئے تا ہم دس برس گزرنے کے باجود وفاقی حکومت بیالیس ملین روپے واجب الاد سبسڈی کی رقم فراہم نہیں کر رہی ۔

مزید : علاقائی