خیبر پختونخوا اسمبلی میں موبائل کورٹس کے قیام کا بل منظور کر لیا گیا

خیبر پختونخوا اسمبلی میں موبائل کورٹس کے قیام کا بل منظور کر لیا گیا

پشاور( آن لائن ،اے این این)خیبر پختونخوا اسمبلی نے موبائل کورٹس کے قیام کے بل کی منظوری دیدی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اسپیکر خیبرپختونخوا سے اجلاس کے دوران اسمبلی کے اے سی بند کرانے کی اپیل کر دی ۔ منگل کو اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت کے پی کے اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ وزیرقانون امتیاز شاہد قریشی نے خیبرپختونخوا پولیس آرڈر ترمیمی بل اور اسٹیبلشمنٹ آف موبائل کورٹس بل پیش کیا۔ ایوان نے اسٹیبلشمنٹ آف موبائل کورٹس بل منظورکرلیا۔ اسمبلی نے تنظیم للسائل والمحروم ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔قومی وطن پارٹی کی خواتین اراکین انیسہ زیب اور معراج ہمایوں نے بل جلدی پیش کرنے اور زیربحث نہ لانے پر اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ملک بھرمیں لوگ گرمی سے مر رہی ہیں ہمیں بھی اس کااحساس کرناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حالات ٹھیک ہونے تک ارکان اسمبلی کو گرمی میں اسمبلی کارروائی میں حصہ لینا چاہیے تاکہ عوام کی مشکلات کا ہمیں اندازہ ہو سکے ۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع اسپیکر اسد قیصر سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی ہال کے تمام اے سی بند کروا دیں ۔

مزید : علاقائی