مسیحی میرج لائسنس کے از سر نواجراء اور تجدید کیلئے حکومت پنجاب کو 2 ماہ کی مہلت

مسیحی میرج لائسنس کے از سر نواجراء اور تجدید کیلئے حکومت پنجاب کو 2 ماہ کی ...

 لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کو مسیحی میرج لائسنس کے اجراء اور تجدیدکے لئے پالیسی کے رہنما اصول کونسل آف بشپس کی مشاورت سے از سرنو دو ماہ میں طے کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی، مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کونسل آف بشپس کے چیئرمین بشپ ڈاکٹر یوسف سہیل، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر جانثار آصف، بشپ سلیمان مسیح، پاسٹر طارق ضیا کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار کونسل نے سیکرٹری ہیومن رائٹس اینڈ مینارٹیز افیئرز کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ محکمہ نے سال دو ہزار سات کو مسیحی میرج ایکٹ 1877 کی دفعہ نو کے تحت مسیحی میرج لائسنس کے حصول اور تجدید کے لئے رہنما اصول جاری کئے ہیں جس کے تحت درخواست گزار کا کم از کم میٹرک پاس ہونا، متعلقہ ڈی پی او سے پولیس رپورٹ کا حصول اور لائسنس کے حصول کے لئے درخواست گزار کا ذاتی حیثیت میں ہونا جیسی دیگر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ، مسیحی کونسل کے وکیل نے مزید موقف اختیار کیا کہ محکمہ مینارٹیز افیئرز کی جانب سے جاری رہنماء اصولوں کے تحت مسیحی میرج لائسنس کی تجدید پانچ برس کے لئے کی جائے گی جبکہ دیگر ممالک میں اس طرح کی کوئی پابندی عائدنہیں کی گئی، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ محکمہ نے درخواست گزار بشپ سلیمان مسیح کی میرج لائسنس کی درخواست اس بنیاد پر خارج کر دی کہ وہ 62برس کی عمر کو پہنچ چکے ہیں جبکہ پالیسی میں 60برس کی عمر طے کی گئی ہے تا ہم محکمہ سے رجوع کرنے کے بعد 70 برس تک رعائت تو دی گئی مگر تا حال لائسنس کی تجدید نہیں کی گئی ، امتیازی سلوک کا نشانہ بناتے ہوئے مسیحی میرج لائسنس پالیسی کے وضع کئے گئے رہنما اصولوں اور لائسنس کے حصول کے لئے عائد کی گئی تمام پابندیوں کو کالعدم کیا جائے ، سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لائسنس پالیسی کے رہنماء اصول مسیحی میرج ایکٹ کی دفعہ نو کے تحت اور قانون کے مطابق بنائے گئے ہیں ،درخواست خارج کی جائے، عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد حکومت پنجاب کو مسیحی میرج لائسنس کے اجراء اور تجدید کے لئے پالیسی کے رہنما اصول کونسل آف بشپس کی مشاورت سے از سرنو دو ماہ میں طے کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

میرج لائسنس

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...