دہشتگردی کا خطرہ‘ مینار پاکستان پر عام افراد کے داخلے پر پابندی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں مینار پاکستان پر دہشتگردی کے خطرے کے باعث عام افراد کا داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں کی جانب وزارت داخلہ کو مراسلہ جاری کیا گیا تھا جس میں آگاہ کیا گیا تھا کہ دہشتگردوں کیخلاف جاری ضرب عضب آپریشن کے باعث صوبائی دارالحکومت میں دہشتگردی کا خطرہ ہے اور دہشتگرد پرہجوم جگہوں خصوصاً مینار پاکستان پر دہشتگردانہ کارروائی کر سکتے ہیں جس پر وزارت داخلہ نے صوبائی حکومت کو آگاہ کرتے ہوئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔پولیس حکام نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے مینار پاکستان پر عام افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے اور مینار پاکستان کے اطراف میں خار دار تاربھی لگا دیئے گئے ہیں اور سکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔