الطاف حسین پر الزامات ان کے کیس کی سماعت کی وجہ سے لگ رہے ہیں : بیرسٹر سیف
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) برطانوی نشریاتی ادارہ بی بی سی کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ پر الزامات لگائے جانے کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماءبیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں سے الزامات لگتے رہے ہیں لیکن اب الطاف حسین پر الزامات اس لیے لگائے جا رہے ہیں کیونکہ جولائی میں ان کے کیس کی سماعت ہے ۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی کردار کشی کی جا رہی ہے اور الطاف حسین کے خلاف درج کیس کو مضبوط کرنے کے لیے ایسے الزامات لگائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بی بی سی کے صحافی بینٹ جانز ایم کیو ایم کے پاس ثبوت لے کر آئے تھے جس پر انہیں جواب دیا تھا کہ آپ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں ۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا پہلے بھی میڈیا ٹرائل ہوتا رہا ہے لیکن اس کے بعد خود ہی میڈیا والوں نے ان الزامات کو جھوٹ قرار دے دیا تھا ۔ اب بھی ایم کیو ایم پر الزامات لگائے جا رہے ہیں لیکن وہ پر امید ہیں کہ جلد ان الزامات سے سرخرو ہوں گے ۔