رکشہ والے کا بھارتی ”سپر فین“ کے ساتھ وہ سلوک جو صرف لطیفوں میں ہی ہوتا ہے

رکشہ والے کا بھارتی ”سپر فین“ کے ساتھ وہ سلوک جو صرف لطیفوں میں ہی ہوتا ہے

میرپور (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش نے جہاں بھارت سے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جیت کر تاریخ رقم کی ہے وہیں بنگلہ دیشی شائقین نے بھارتی شائق کیساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے دل کی بھڑاس نکالی ہے جبکہ پیسے نہ ہونے پر آٹو رکشہ والے نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ”سپر فین“ کے ساتھ وہ سلوک کیا جو آج تک آپ لطیفوں میں ہی سنتے آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترنگے کے رنگ میں رنگا گوتم سدھیر ہر میچ میں بھارتی ٹیم کو سپورٹ کرنے پہنچتا ہے اور سٹیڈیم میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے تاہم بنگلہ دیش سے دوسرا میچ ہارنے کے بعد وہ سٹیڈیم میں محصور ہو گیا اور بنگلہ دیشی شائقین کے ہتھے چڑھ گیا جو ”موقع، موقع“ گنگنانے کیساتھ ساتھ گوتم کو چھیڑتے رہے۔ گوتم نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا احوال کچھ یوں بیان کیا ہے۔

” میر پور میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں دوسرے میچ میں بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد میں سٹیڈیم میں محصور ہو کر رہ گیا اور اپنے آپ کو بچانے کیلئے گیٹ نمبر 2 کی جانب بڑھا لیکن وہاں بہت زیادہ رش تھا اور لوگ بھارت کے خلاف نعرے بازی کرنے کیساتھ ساتھ ”موقع، موقع“ گا رہے تھے۔ ” یہ صورتحال دیکھ کر میں گیٹ نمبر ایک کی جانب گیا اور وہاں موجود ایک سیلون میں چلا گیا جہاں لوگوں کی ایک بڑی تعداد میرا تعاقب کرتے پہنچ گئی۔ سیلون والوں نے ہجوم دیکھ کر شٹر نیچے گرا دیا اور تقریباً 10 منٹ بعد جب دوبارہ شٹر اٹھایا تو 2 پولیس والے مجھے ساتھ لے کر گیٹ نمبر 2 کی جانب بڑھنے لگے اور اسی دوران راستے میں موجود لوگ مجھے چھیڑتے رہے اور میرا ترنگا بھی پھاڑ دیا۔

پولیس نے مجھے ایک آٹو رکشے میں بٹھایا اور جب ہم ہوٹل پہنچے تو رکشہ والے نے 700 ٹکا طلب کیا۔ میرے پاس اتنے پیسے نہیں تھے جس پر رکشے والا غصہ میں آ گیا اور ہوٹل سے واپس سٹیڈیم کے گیٹ نمبر 3 پر چھوڑ گیا جہاں سے ایک موٹر سائیکل والے سے لفٹ لے کر واپس ہوٹل پہنچا“۔ سدھیر گوتم کا کہنا تھا کہ وہ میرپور پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی وجہ سے وہ سٹیڈیم سے ہوٹل پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر اور میرپور پولیس کے سٹیشن انچارج نے گوتم سے ملاقات کی اور اسے سیکیورٹی بھی فراہم کر دی ہے۔

تصویر بشکریہ bdnews24.com

مزید : ڈیلی بائیٹس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...