مستقبل نوجوانوں کا ہے:قونصل جنرل آف پاکستان آفتاب کھوکھر

مستقبل نوجوانوں کا ہے:قونصل جنرل آف پاکستان آفتاب کھوکھر
 مستقبل نوجوانوں کا ہے:قونصل جنرل آف پاکستان آفتاب کھوکھر

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

جدہ (محمد اکرم اسد / بیورو چیف) قونصل جنرل آف پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ مستقبل نوجوانوں کا ہے آج کے یہ طالبعلم کل کے معمار ہیں۔ نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان دنیا کی ایک طاقتور اور معاشی قوت بن کر ابھرے گی، آج اور کل کے نوجوان اس ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن الرحاب میں گریجویشن ایوارڈ 2015ءکی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کا اہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید ایڈیٹوریم میں کیا گیا تھا جس کی صدارت قائمقام پرنسپل امجد بھٹی نے کی جبکہ اعزازی مہمان ڈاکٹر غلام اکبر نیازی تھے۔ نقابت کے فرائض آمینہ خالد، ماہ نور احمد، شہزاد خان اور شعیب خالد نے انجام دئیے۔ قونصل جنرل آفتاب کھوکھر جو اپنی بیگم افشاں کھوکھر کے ساتھ طالبعلموں میں ایوارڈ تقسیم کررہے تھے نے کہا ہے کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ یہ سکول 4500 بچوں کو بہترین تعلیم مہیا کررہا ہے اور پاکستان کا ایک نمائندہ ادارہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہاں سے پاس ہوکر جانے والے بہت سارے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے واپس سعودی عرب آئیں گے اور اس ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بچوں کے الدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری کریں اور ان کے مستقبل کو سنواریں۔ پاکستان کے ساتھ اپنے دوسرے وطن سعودی عرب کی محبت اور خدمت کا جذبہ بچوں میں اجاگر کریں۔ قونصل جنرل نے سکول انتظامیہ کو سراہا کہ گریجویشن تقریب میں شرکت کرنے والوں سے کوئی پیسہ نہیں لیا گیا اور سارا خرچہ سکول نے خود برداشت کیا۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ قونصلیٹ جنرل بلا تفریق تمام پاکستانیوں کی خدمت کررہا ہے۔ مہمان اعزازی ڈاکٹر غلام اکبر نیازی نے بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جدہ میں گرلز میڈیکل یونیورسٹی بنانے کا پلان بنایا جارہا ہے۔

قونصل جنرل آفتاب کھوکھر، مسز افشاں کھوکھر، پرنسپل امجد بھٹی سکول مینجمنٹ کے عہدیداران صدر حامد بشیر، نائب صدر طاہر ملک ممبران ڈاکٹر اختر قریشی، کامران بٹ، فیصل خان نے طلبا و طالبات میں ڈگریاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ تقریب میں شامل بچے اور بچیاں روایتی گاﺅن اور کیپ پہنے ہوئے پھولے نہ سما رہے تھے جبکہ ان کے والدین کے چہرے فخر سے چمک رہے تھے۔ انور مسعود کی مشہور زمانہ نظم ”بیان“ پر سکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کرکے خوب داد وصول کی۔ قائمقام پرنسپل امجد بھٹی نے مہمانوں کو خود آمدید کہتے ہوئے کامیاب طلبا وطالبات کو مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کے آخر میں قونصل جنرل آفتاب کھوکھر، مسزا فشاں کھوکھر نے مہمانوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔ کامیاب طلبا وطالبات نے تقریب کے اختتام پر اپنے کیپ اچھال کر روایتی خوشی کا اظہار کیا۔

مزید : بین الاقوامی