ہائی کورٹ :جعلی چیک کے مقدمہ کے ملزم کی ضمانت خارج ہونے پر ہنگامہ آرائی ،ہتھکڑیوں سمیت فرار ہوگیا

ہائی کورٹ :جعلی چیک کے مقدمہ کے ملزم کی ضمانت خارج ہونے پر ہنگامہ آرائی ...

لاہو ر(نامہ نگار خصوصی ) لاہورہائیکورٹ میں جعلی چیک کے مقدمے کے ملزم کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد ایف آئی اے کی طرف سے گرفتار کرنے کی کوشش پر ملزم اور اس کی ماں کی شدید مزاحمت اور ہنگامہ آرائی ، ملزم وکلاءکی مداخلت کے باعث ہتھکٹریوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

جسٹس عبدالسمیع خان نے ملزم فیض احمد کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب بٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم جعلی چیک دے کر سادہ لوح لوگوں سے ایک کروڑ روپے کا فرڈ کر چکا ہے۔جس پر عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔کمرہ عدالت سے باہر آتے ہی ایف آئی اے اہلکاروں نے ملزم کو ہتھکڑی لگائی تو اسکی والدہ نے ایف آئی اے اہلکاروں سے ہاتھا پائی شروع کر دی جبکہ ملزم زمین پر لیٹ گیا۔ جسے ایف آئی اے اہلکار گھیسٹ کر لے جانے لگے تو احاطہ عدالت میں موجود بعض وکلاءمیدان میں کود پڑے اور ملزم کو ایف آئی اے اہلکاروں کی حراست سے چھڑانے کی کوشش کی اور ایف آئی اے اہلکاروں کو ہتھکڑی کھولنے کے لئے دھمکیاں دیتے رہے۔اس دوران ملزم فیض احمد نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب بٹ کی بھتیجی سے پسند کی شادی کر رکھی ہے۔ جس پر اسے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس پر بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایف آئی اے اہلکاروں کی جانب سے ہتھکڑی نہ کھولنے پر ملزم اور اسکی والدہ نے ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب بٹ اور دیگر اہلکاروں پر دھاوا بول دیا۔جس سے سادہ لباس میں ملبوس ایف آئی اے کے تمام اہلکار ملزم کو چھوڑ کر بھاگ نکلے جبکہ ملزم فیض احمد اپنی والدہ کے ہمراہ ہتھکڑی سمیت احاطہ عدالت سے فرار ہو گیا۔

مزید : لاہور

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...