سعودی ادارے نے چین کے اسلام دشمن عمل پر مسلمان قوم کی دل کی بات کہہ دی
جدہ (محمد اکرم اسد / بیورو چیف) بین الاقوامی اسلامی فقہ اکیڈمی نے مشرقی ترکستان (مغربی سنکیانگ) کے بعض مقامات پر مسلمانوں کو روزے سے محروم کرنے کے چینی حکام کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ اکیڈمی نے 1436 ہجری کے ماہ رمضان میں مذہبی شعائر کی ادائیگی پر پابندی کے اقدامات کو افسوسناک قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ چینی حکام اپنے یہاں آباد مسلمانوں پر مذہبی شعائر کی ادائیگی پر عائد پابندی اٹھائیں اور انہیں ذہنی آزادی دیں۔
اکیڈمی نے ایگور کے چینی مسلمانوں پر ہر طرح کے جبر و تشدد کو پوری سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ، عالمی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور مسلم ممالک کو اپنا کردار ادا کرنے کیلئے کہا ہے اور واضح کیا ہے کہ یہ تمام ادارے چین میں مسلمانوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے قانونی اور اخلاقی اعتبار سے اپنا فرض ادا کریں۔ فقہ اکیڈمی نے مذکورہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرکے انسانی حقوق کی پے در پے خلاف ورزیوں کو بند کرائیں اور چینی مسلمانوں کو بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کے قانون کے مطابق تمام حقوق دلائیں۔