حکومت انجینئرنگ شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے، خالد اقبال ملک

حکومت انجینئرنگ شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے، خالد اقبال ملک

  

اسلام آباد ( این این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ حکومت انجینئرنگ شعبے کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے کیونکہ اس شعبے کی ترقی سے برآمدات کو تیزی سے فروغ ملے گا اور پاکستان ایک خودمختار و ترقی یافتہ ملک بننے کی طرف مثبت پیش رفت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برآمدات کیلئے زیادہ تر ٹیکسٹائل مصنوعات پر انحصار کر رہا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کا حصہ کم ہو رہا ہے۔ اس کے برعکس عالمی تجارت میں انجینئرنگ گڈز کا حصہ تقریب 50فیصد تک ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان انجینئرنگ شعبے پر زیادہ توجہ دے کر اربوں ڈالر کی برآمدات حاصل کر سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ گڈز کی عالمی برآمدات میں اس وقت پاکستان کا حصہ صرف 0.0151فیصد ہے جو افسوسناک ہے اور جو اس بات کا عکاس ہے کہ گذشتہ حکومتوں نے اس شعبے کومسلسل نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ کر تقریبا 9ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جس میں پچھلے سال کے مقابلے میں تقریبا 177فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

کیونکہ پچھلے سال اسی عرصے کے دوران یہ خسارہ صرف 3.217ارب ڈالر تھا۔ اسی طرح موجودہ مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھ کر 30ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو ایک ریکارڈ اضافہ ہے اور جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہماری برآمدات مسلسل کم ہو رہی ہیں جبکہ درآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان خساروں پر قابو پانے کے بہترین طریقہ انجینئرنگ شعبے کی خصوصی ترقی پر توجہ دینا ہے۔خالد اقبال ملک نے کہا کہ انجینئرنگ شعبے کی بہتر ترقی سے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کی رفتار بھی تیز ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی ترقی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور پاکستان اگر اس شعبے کی بہتر ترقی پر توجہ دے تو اس سے معیشت کیلئے متعدد فوائد پیدا ہوں گے کیونکہ اس سے روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا، انجینئرنگ شعبے سے ملحقہ دیگر صنعتوں کو بہتر ترقی ملے گی، پاکستان کی دفاعی صلاحیت کی استعداد کار مزید بہتر ہو گی اور برآمدات میں کئی گنا اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مضبوط ممالک نے انجینئرنگ شعبے کو ترقی دے کر حیرت انگیز اقتصادی ترقی حاصل کی ہے اور پاکستان نے اگر دنیا کی اقوام میں ایک مضبوط معیشت کے طور پر ابھرنا ہے تو اس کا سب سے بہتر طریقہ انجینئرنگ شعبے کی خصوصی ترقی پر توجہ دینا ہے۔

مزید :

کامرس -