رمضان المبارک میں منافع خوروں پر 2618مقدمات درج ہوئے

رمضان المبارک میں منافع خوروں پر 2618مقدمات درج ہوئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (جنرل رپورٹر)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں انتظامیہ سرکاری نرخناموں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فروخت کے لیے مکمل طور پر اوپن مارکیٹ کو مانیٹر کر رہی ہے اور پرائس مجسٹریٹ وسیع پیمانے پر پوری لاہور ڈویژن میں چھاپے مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے ستائیس دنوں میں ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ وغیرہ پر 2618 ایف آئی آرز درج کرائی گئی جبکہ 2833 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی مقرر کردہ نرخوں کی اوپن مارکیٹ میں 8695 خلاف ورزیاں پائی گئیں جن پر 58 لاکھ 30 ہزار 850 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں لاہور ڈویژن کے چاروں اضلاع پرائس کنٹرول کے حوالے سے سب سے زیادہ فعال ہیں اور رمضان بازاروں میں تمام سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لیے نہایت سرگرمی سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے باقی دنوں میں بھی پرائس مجسٹریٹ پوری طرح متحرک ہوں گے اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخناموں کے مطابق یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ستائیس دنوں میں لاہور ڈویژن میں 6407مارکیٹوں و دکانوں کے 64368 دورے کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویژن میں پہلے ستائیس دنوں میں ناجائز منافع خوری پر ضلع لاہور میں 2,463,950 روپے اور ضلع شیخوپورہ میں 2,226,100روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ضلع لاہور میں 2135ایف آئی آرزضلع قصور 314 ضلع شیخوپورہ 83 اور ضلع ننکانہ صاحب میں 86 ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ لاہور ڈویژن میں 415 مدنی دستر خوانوں میں بھی رمضان المبارک میں مستحق افراد کے لیے افطاری کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیلانی انٹر نیشنل ویلفیئر کے 11 دستر خوان بھی مستحق افراد کو افطاری فراہم کر رہے ہیں۔