بخشی خانوں میں ’’عیدی ‘‘مہم ، قیدیوں کے لواحقین سراپا احتجاج

بخشی خانوں میں ’’عیدی ‘‘مہم ، قیدیوں کے لواحقین سراپا احتجاج

  

 لاہور(کامران مغل)ماتحت عدالتوں میں بخشی خانے اور سیکیورٹی پر مامور پولیس پیشی پر لائے قیدیوں کے لواحقین سے "عیدی "اکھٹی کرنے میں مصروف ہوگئی ،ہوشربامہنگائی کے ہاتھوں تنگ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے شیرجوانوں نے بھی اپنے ریٹ ڈبل کردیئے ، فی کس قیدی سے مبینہ طور پرفون پر بات کرنے کے 500جبکہ ملاقات کے لئے 1000روپے تک ریٹ مقرر کردیئے گئے،دوسری جانب عید الفطر کے قریب آتے ہی ماتحت عدالتوں میں ٹاؤٹ مافیا سرگرم، مچلکوں کے ریٹ ڈبل کردیئے ،پیشی پر آئے غریب لواحقین پیسے نہ ہونے کی وجہ سے ملاقات کئے بغیر ہی گھروں کو روانہ ہونے پرپولیس اہلکاروں کو جھولیاں اٹھا کربدعائیں دیتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق ماتحت عدالتوں میں سینکڑوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جاتا ہے تاہم عید الفطر کو غنیمت جانتے ہوئے متعددملزمان کو پیشی کرنے سے قبل ان کی لواحقین سے ملاقات اور کھانے کی ترسیل کی مد میں مبینہ طو ر پر پولیس اہلکار 500 سے 1000روپے تک رشوت لے کر مبینہ طور پرملاقاتیں کروانے میں مصروف ہیں جبکہ غریب لواحقین رقم نہ ہونے کی وجہ سے اپنے پیاروں کو دور سے ہی دیکھ کر گھروں کو واپس لوٹنے پر مجبور ہیں ،اس حوالے سے سروے کے دوران نمائندہ "پاکستان"سے گفتگو کرتے ہوئے پیشی پر آئے ملزمان کے لواحقین صداقت ، نواز، بشیر،علی شیر، رضوان ،مجاہد بٹ وغیرہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ویسے تو اکثر ہی پیشی پرلے جانے والا عملہ کمرہ عدالت کے باہر ہی ان سے ملاقات کے لئے رشوت طلب کرنا شروع کردیتا ہے لیکن اب جیسے ہی عید الفطر میں چند روز رہ گئے ہیں ،پولیس اہلکاروں نے رشوت کا بازار گرم کردیا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ جو مٹھی گرم نہیں کرتااسے ملاقات نہیں کرنے دی جاتی اور اگر فون پر بات کروانے کے لئے کہا جائے تو متعلقہ اہلکاروں کی جانب سے اس کے لئے بھی کم از کم500روپے کاتقاضہ کیا جاتا ہے اور اگر ملاقات کے لئے یہ1000تک کا مطالبہ کردیتے ہیں جو کہ انتہائی ظلم ہے کیونکہ پہلے ہی وہ عدالتوں کے چکر لگا لگا کر خوار ہو چکے ہیں اور اوپر سے پولیس اہلکار عید ی کے نام پر ان کی جیبیں خالی کرنے پر تلے ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالت میں پیش ہونے کے بعد واپسی پر اپنے پیاروں کے لیے لواحقین کی جانب سے لائے جانے والے کھانوں کو بھی ان تک پہنچانے کے لئے پولیس کو پیسے دینے پڑتے ہیں کیونکہ انچارج سمیت بخشی خانے کا تمام عملہ کرپشن کاگڑھ بن چکا ہے جو بغیر رقم کے ملاقات کروانا تو دور بات کرنا بھی گوارہ نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بخشی خانے میں سیکورٹی اہلکار اپنی ڈیوٹی چھوڑ کر عیدی کمانے کے چکر میں مٹر گشت کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے کوئی بھی دہشت گردی کا واقع رونما ہوسکتا ہے ۔اس حوالے سے عدالتوں میں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کروانے پر لواحقین سے رشوت لینی والی بات میں کوئی صداقت نہیں وہ احسن طریقے سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -