نواب محمد اسماعیل خان کا شمار تحریک پاکستان کے نامور اکابرین میں ہوتا ہے،معاذ جانباز
لاہور(پ ر) نواب محمد اسماعیل خان کا شمار تحریک پاکستان کے نامور اکابرین میں ہوتا ہے۔1937ء میں قائداعظمؒ نے ہندوستان میں مسلم لیگ کی تنظیم نو کی تو نواب محمد اسماعیل نے اس میں بھرپور کردار ادا کیا۔ وہ زندگی کے آخری لمحات تک ہندوستانی مسلمانوں کی خدمت کرتے رہے ۔ان خیالات کااظہار معاذ جانباز نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں تحریک پاکستان کے رہنما نواب محمد اسماعیل خان کی برسی کے سلسلے میں نئی نسل کو ان کی حیات و خدمات کے متعلق آگاہ کرنے کیلئے منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔اس لیکچر کااہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پراساتذۂ کرام اور طلبہ کی کثیر تعدادبھی موجود تھی۔ پروگرام کا آغاز حسب معمول تلاوت قرآن حکیم‘ نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانے سے ہوا۔ معاذ جانباز نے کہا کہ نواب محمد اسماعیل خان 1883ء میں آگرہ میں پیدا ہوئے۔ آپ نواب اسحاق خان کے فرزند اور نواب مصطفی خان شیفتہ کے پوتے تھے۔ علی گڑھ میں تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد کیمبرج یونیورسٹی انگلستان سے بار ایٹ لاء کیا اور وطن واپس آ گئے۔ نواب محمد اسماعیل خان تحریک خلافت میں بھی شریک رہے اور یو پی خلافت کانفرنس کے چیف آرگنائزر کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دیں۔