نواز لیگ چوری اور سینہ زوری کی مثال پرپورا اتر ی ہے،عبدالعلیم خان

نواز لیگ چوری اور سینہ زوری کی مثال پرپورا اتر ی ہے،عبدالعلیم خان

  

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی سیاست چوری اور سینہ زوری کی مثال پر پورا اترتی ہے،نواز خاندان نے لوٹ مار کا حساب دینے کی بجائے سرکاری اداروں کو سپریم کورٹ سے محاذ آرائی کی راہ پر ڈال دیا ہے، خود کو قانون اور انصاف سے بالاتر سمجھنے والے حکمرانوں کو عدالت کے بعد عوام کی کچہری میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔عبدالعلیم خان نے مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران خاندان نے اپنے ہر دور حکومت میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے کی بجائے ملکی وسائل لوٹ کر اندرون اور بیرون ملک جائیدادیں بنائیں،ماضی میں کسی نے ان بادشاہوں سے حساب مانگنے کی جرات نہیں کی،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے شریف فیملی کو تلاشی دینے پر مجبور کیا ہے جو ن لیگ سے برداشت نہیں ہورہا،درباریوں کی بڑی تعداد جے آئی ٹی کی کارروائی کو متنازعہ بنانے کیلئے بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کرتی ہے تو دوسری طرف کرپشن کے ریکارڈز غائب اور ان میں ردوبدل کرنے کیلئے سرکاری اداروں پر بھرپور دباؤڈالا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ کسی ملزم کو اپنی سچائی کا یقین ہوتو کبھی تحقیقات سے نہیں گھبراتا جبکہ شریف فیملی کو لالے پڑے ہوئے ہیں کہ کہیں کرپشن کے ثبوتوں پر عدلیہ کے فیصلے کی مہر نہ ثبت ہوجائے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کے جے آئی ٹی کیساتھ عدم تعاون پر سپریم کورٹ کے تحفظات ظاہر کرتے ہیں کہ نوازفیملی لوٹ مار کو چھپانے کیلئے ہر ہتھکنڈہ اختیار کررہی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -